بھوپال انکاونٹر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ ۔ علیگڑہ مسلم یونیورسٹی کے طلبا ء کا احتجاجی مظاہرہ

علیگڑہ: علیگڑہ مسلم یونیورسٹی اسٹوڈنٹ یونین نے آج بھوپال میں سیمی کے 8کارکنوں کی پولیس انکاونٹر میں ہلاکت کے خلاف یہاں احتجاجی مظاہرہ کیا اور اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیاگیا۔

صدر جمہوریہ ہندپرنب مکرجی کو پیش کردہ ایک میمورنڈم میں اے ایم یو طلباء یونین نے بھوپال انکاونٹر کی سپریم کورٹ کی زیر نگرانی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

اگرچیکہ پیر کے دن انکاونٹر واقعہ کی میڈیا کے ذریعہ اطلاعات ملنے پر کیمپس میں غم وغصہ کی لہر دوڑ گئی۔ لیکن انتظامیہ نے منگل کے دن سالانہ جلسہ تقسیم اسنادات کے پیش نظر عوامی مظاہرہ کو ٹالنے میں کامیابی حاصل کرلی اور حالات بگڑنے سے بچالیا۔

تاہم برہم طلباء نے کل نعرے بلند کرتے ہوئے ایک جلوس نکالا جوکہ سرسید گیٹ پر اختتام پذیرہوا۔ احتجاجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے صدر اسٹوڈنٹس یونین فیض الحسن نے الزام عائد کیا کہ جب سے این ڈی اے برسراقتدار ائی ہے مسلمانوں کو عمداً نشانہ بنایاجارہا ہے گوکہ سب دہشت گردی کے خلاف ہیں لیکن دہشت گردی کے خلاف تمام طبقات کے ساتھ متحدہ جدوجہد کرنی چاہئے۔