بڈگام میں مسلح تصادم، 2جنگجو ہلاک، انٹرنیٹ سرویس معطل

رات دیر گئے تک سرچ آپریشن۔ فوج ، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ کارروائی
سری نگر۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے زوگو آری زال میں چہارشنبہ اور جمعرات کی درمیانی رات کے دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان مسلح تصادم ہوا، جس میں 2 جنگجو مارے گئے ۔ مسلح تصادم میں دو جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ضلع بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے زوگو آری زال میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 53 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف ) نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ کی، سیکورٹی فورسز نے پوزیشن سنبھال کر جوابی فائرنگ کی جس میں دو جنگجو مارے گئے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے دو جنگجوؤں کی لاشیں اور دو ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مارے گئے جنگجوؤں کی شناخت معلوم کی جارہی ہے جبکہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ انتظامیہ نے جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر ضلع بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔

دراندازی روکنے میں فوج پوری طرح اہل:آرمی چیف
کولہاپور۔ یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) بری فوج کے سربراہ بپن راوت نے خفیہ شعبہ کی ایک رپورٹ کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ فوج انتہاپسندوں کی ہندوستانی علاقوں میں دراندازی روکنے میں پوری طرح اہل ہے۔بری فوج کے سربراہ بدھ کی شام یہاں 109 مراٹھا ٹی اے بٹالین کے سابق فوجیوں کی ایک ریلی میں شامل ہونے کے لئے آئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آئی بی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے انتہاپسندوں کی جانب سے کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہندوستانی فوج پوری طرح اہل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے سامنے خفیہ رپورٹ کو ظاہر کرنا صحیح نہیں ہوگا لیکن فوج کیمرہ سے لیس اے کے ۔47 کا استعمال کرے گی۔ انہوںنے کہا کہ فوج نے انتہاپسندوں کی مسلسل بدلتی ہوئی حکمت عملی کے مطابق اپنی کارروائی میں بھی تبدیلی کی ہے۔