بولٹن اور دوول کی ہندوپاک سے متعلق ٹیلیفون پر بات چیت

واشنگٹن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے آج اپنے ہندوستانی ہم منصب اجیت دوول سے ہندوپاک کے درمیان پیدا ہوئی کشیدگی کے بعد دوسری بار فون پر بات چیت کی۔ جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں ہوئے دہشت گرد حملوںمیں سی آر پی ایف کے زائد از 40 جوانوں کی شہادت اور بعدازاں ہندوستان کی جانب سے جیش محمد کے تربیتی کیمپوں پر کئے گئے فضائی حملوں نے دونوں ممالک کے درمیان حالات کو بیحد کشیدہ کردیا ہے۔ ٹیلیفون پر ہوئی بات چیت میں بولٹن اور دوول نے خطہ میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ دونوں سلامتی مشیروں نے قبل ازیں 15 فروری کو بات چیت کی تھی جس کے دوران پاکستان کو اپنے اس موقف کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کرنے راہ ہموار کرنے کی کوشش کی گئی تھی کہ پاکستان کے جیش محمد سربراہ اظہرمحمود کو عالمی دہشت گرد قرار دینے میں اگر کوئی رکاوٹ ہو تو پاکستان اس رکاوٹ کو دور کرے۔ پاکستان نے چہارشنبہ کو دو ہندوستانی لڑاکا طیاروں کو مار گرانے اور ایک ہندوستانی پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔