بورا بنڈہ کی کئی بستیوں میں’ سیاست ‘ کی جانب سے دوسرے دن بھی امداد کی تقسیم

گ1100 گھروں تک غذا ‘ دودھ کے پیاکٹس ‘ بسکٹ اور دیگر اشیا کی فراہمی ۔ عوام نے جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکرکیا

حیدرآباد ۔ 25 ؍ ستمبر ( سیاست نیوز) بارش سے شدید متاثرہ حلقہ جات اسمبلی جوبلی ہلز اور کوکٹ پلی کے مسلم گنجان آبادی والے علاقوں میں سیاست کی ٹیم نے آج مسلسل دوسرے دن بھی امدادی ساز و سامان کی تقسیم عمل میں لائی ۔ آج دوسرے دن بھی ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان کی ہدایت پر نیوز ایڈیٹر جناب عامر علی خان کی نگرانی میں راحت کاری اقدامات جاری رہے ۔ سیاست کی جانب سے آج بھی بورا بنڈہ کی بستیوں صفدر نگر ‘ واحد نگر ‘ راجیو گاندھی نگر اور دوسرے چھوٹے علاقوں میں درکاری غذائی اشیا جیسے کھانے اور دودھ کے پیاکٹس اور دوسری روز مرہ کے استعمال کی اشیا کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ جناب عامر علی خان نے اللہ پور ‘صفدرنگر ‘ سلیمان نگر ‘بورہ بنڈہ کا دورہ کیا تھا ۔ انہوں نے سیاست کی ٹیم کو پابند کر دیا کہ وہ ان علاقوں میں چوکس رہیں اور عوامی مشکلات پر نظر رکھیں اور شکایتوں کا فوری جائزہ لیں ۔ روزنامہ سیاست نے گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی ضروریات کی تکمیل کیلئے فوری مہم کا آغاز کیا ہے ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کی ہدایت پر سیاست کی ٹیم کے سرگرم ارکان نے غذائیا پیاکٹس اور دودھ کے پیاکٹس و دوسرا ساز و سامان ضرورت مند عوام میں تقسیم کیا ۔ مقامی افراد نے روزنامہ سیاست کی اس پہل اور جذبہ کی ستائش کی اور خاص طور پر جناب عامر علی خاں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان علقاوں کا کل کارپوریٹر صبیحہ بیگم اور جناب غوث الدین ‘ آصف احمد‘ دستگیر و دوسروں کے ساتھ دورہ کیا تھا ۔ آج سیاست کی ٹیم جناب زاہد علی خان کی شخصی دلچسپی سے غذا تقسیم کیلئے سیاست کی ٹیم صبح ہی سے سرگرم تھی ۔ صبح کے اوقات متاثرہ عوام میں دودھ ‘ دودھ کا پاوڈر ‘ موز اور بسکٹ تقسیم کئے گئے ۔ دوپہر میں ترکاری کی بریانی کا انتظام کیا گیا ۔ محترمہ صبیحہ بیگم کارپوریٹر اللہ پور اور جناب محمد غوث الدین صدر میناریٹی سیل رنگاریڈی ٹی آر ایس کی قیادت میں غذائی اشیا تقسیم کئے گئے اور جناب عامر علی خان نے جو وقتہ فوقتاً حالات کا جائزہ لے رہے ہیں ہدایت دی تھی کہ غذا عوام تک ضرور پہونچائی جائے ۔ چونکہ آج بھی بارش جاری تھی راحت کاری ٹیم کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی عوام بالخصوص نوجوانوں نے سیاست کی راحت کاری ٹیم کا ساتھ دیا اور امدادی اشیا کی تقسیم میں مدد کی اور کہا کہ ایک ایسے مصیبت کے وقت میں سیاست نے ہمارا ساتھ دیا ۔ جبکہ کوئی ہمارا پرساں حال نہیں اور نہ کوئی ہماری مدد کیلئے آگے آتا ہے ۔ مقامی عوام بالخصوص خواتین نے سیاست کے اقدامات کی ستائش کی اور ذمہ داران سیاست کو دعاؤں سے نوازا ۔ آج سیاست کی جانب سے صبح 1100 مکانات تک دودھ ‘ موز اور بسکٹ فراہم کئے گئے اور دوپہر میں ترکاری کی بریانی کے پیاکٹس کو عوام کی دہلیز تک پہنچایا گیا ۔ سیاست کی ٹیم ان علاقوں میں چوکس ہے اور مقامی کارپوریٹران کی قیادت کر رہے ہیں ۔ جناب عامر علی خان نے کوکٹ پلی اور جوبلی ہلز حلقہ جات اسمبلی سے ملحقہ ان علاقوں کے عوام کو تیقن دیا کہ معمول کی زندگی بحال ہونے تک سیاست کی ٹیم ان علاقوں میں چوکس رہے گی اور عوامی ضروریات پر توجہ دی جائیگی ۔ سیاست کی ٹیم میں جناب آصف احمد ‘ محمد دستگیر کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔