کلکتہ : ملک میں ریل حادثات کاسلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔ امرتسر کے ہولناک المیہ کے بعد اب مغربی بنگال کے ریلوے اسٹیشن ہر بھگدڑ مچنے سے حادثہ رونما ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق ہوڑہ کے ستر گاچھی ریلوے اسٹیشن میں ایک ساتھ تین ٹرینوں کی آمد کے اعلان کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی ۔ حادثہ میں دو افراد ہلاک او رکم از کم ۲۵؍ افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں ۔
اطلاع ملتے ہی ریاستی وزیراعلی ممتا بنرجی موقع پر پہنچ گئیں ۔ او راس اسپتال کا دورہ بھی کیں جن میں زخمیو ں کا علاج چل رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوب مشرقی ریلوے سی آر پی او کے سومن مجمدار نے کہا کہ شام چھ بجے مسافروں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پر موجود تھی ۔ فٹ اوور برج بھی مسافروں سے بھرا پڑا تھا۔ اچانک تین ٹرینوں کی آمد کا اعلان ہوا ۔ جس کی وجہ بھگدڑ مچ گئی او ریہ افسوس ناک حادثہ رونما ہوا۔ ممتا بنر جی نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ دراصل اس ریلوے اسٹیشن پر ایک ہی فٹ برج ہے۔ چونکہ ایک ساتھ تین ٹرینوں کی آمد کا اعلان کردیاگیا جس کی وجہ سے افراتفری مچ گئی ہے۔ ریلوے نے بتایا کہ حالات اب کنٹرول میں ہیں ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2017ء میں بھی اس طرح کا واقعہ اسی ریلوے اسٹیشن پر ہوچکا ہے۔