لیما ۔ 3 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک پہاڑی پر خطرناک موڑ لیتے ہوئے ایک بس سامنے سے آنے والے ٹرک سے ہوئی ٹکر کے بعد بس سمندر میں جاگری ۔ اس خطرناک موڑ کو ’’شیطانی موڑ‘‘ کہا جاتا ہے جہاں اکثر و بیشتر حادثات رونما ہوتے ہیں۔ اس حادثہ میں 48 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ بس میں سوار مسافرین کی تعداد 55 بتائی گئی ہے اور ساتھ ہی ساتھ عملہ کے دو افراد بھی بس میں سوار تھے ۔ بس سمندر میں گرنے سے قبل ایک چٹان سے ٹکرائی اور اُلٹ کر معلق ہوگئی ۔ قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد 36 بتائی گئی تھی ۔ پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بچاؤ اور راحت کاری عملہ وہاں کے دشوار گزار راستہ پر پہنچا جبکہ عملہ کے بعض افراد موٹی موٹی رسیوں کی مدد سے اُس خطرناک چٹان پر پہنچے ۔ حادثہ کی وجوہات کاپتہ نہیں چلا ہے جس کی تحقیقات جاری ہے ۔