بہرامپور 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع میں ایک سرکاری بس کے ایک کنال میں گرجانے کے نتیجہ میں کم از کم 36 افراد بشمول 10 خواتین ہلاک ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ بس ایک برج کی ریلنگ توڑ کر گھوگھرا کنال میں جا گری تھی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ یہ حادثہ بالیرگھاٹ کے مقام پر دولت آباد پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا ۔ شمالی بنگال اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بس شکارپور سے مالڈا جا رہی تھی کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ اس حادثہ کے بعد یہاں احتجاج شروع ہوگئے اور مقامی عوام نے الزام عائد کیا کہ پولیس یہاں تاخیر سے پہونچی ہے ۔ عوام نے پولیس فورس کو حملے کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے ایک پولیس گاڑی کو نذر آتش بھی کردیا ۔ مقامی افراد نے آگ بجھانے کیلئے یہاں پہونچے ایک فائر انجن کو بھی نذر آتش کردیا ۔ پولیس کو یہاں ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارچ کرنا پڑا ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب حادثہ کا شکار بس کا پتہ چلانے اور اسے باہر نکالنے کیلئے آٹھ گھنٹے درکار ہوئے اور اس کیلئے پانچ ہائیڈرالک کرینس کو استعمال کیا گیا ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ سویندو ادھیکاری نے کہا کہ 32 نعشیں بس سے نکالی گئیں جب بس کو باہر لایا گیا تھا۔ قبل ازیں دو نعشیں کنال میں تیرتی ہوئی پائی گئی تھیں جبکہ مزید دو افراد دواخانہ میں فوت ہوگئے ۔