بزرگ کمیونسٹ قائد اے بی بردھن کی آخری رسومات

نئی دہلی۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی کے بزرگ قائد اے بی بردھن کو آج کئی بائیں بازو کے ممتاز قائدین کی موجودگی میں نذرآتش کردیا گیا۔ ان کی آخری رسومات نگم بودھ گھاٹ برقی شمشان پر انجام دی گئیں۔ آخری رسومات میں سی پی آئی ایم کے معتمد عمومی سیتا رام یچوری ، سی پی آئی کے ڈی راجہ ، اینی راجہ، گروداس داس گپتا، ایس سدھاکر ریڈی جنرل سیکریٹری نے شرکت کی۔ قبل ازیں نعش پارٹی کے دفتر میں آج صبح دواخانہ سے منتقل کی گئی۔ نائب سفیر چینی سفارت خانہ برائے ہندوستان لیو جن سانگ نے آنجہانی سی پی آئی قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یچوری نے کہا کہ یہ ہندوستان کی کمیونسٹ تحریک کیلئے خاص طور پر اور قومی سیاست کیلئے عام طور پر بہت بڑا نقصان ہے۔ سی پی آئی کے قومی معتمد ڈی راجہ کے بردھن کے ساتھ خصوصی روابط تھے۔ انہوں نے کہا کہ بردھن مکمل طور پر مختلف تھے۔ مجھے ان کے ساتھ 30 سال کام کرنے کا موقع ملا اور مجھے محسوس ہوا کہ ان کے ساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے۔ بردھن سی پی آئی کو پریشان کن دور میں سنبھالا دینے والے قائدین میں سے ایک تھے۔