بجنور(یو پی ) ۔ 16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) دو فرقوں کے درمیان ایک اسکولی طالبہ کو مبینہ طور پر بعض افراد کی جانب سے ہراساں کرنے پر جھڑپ ہوئی جس میں 3 افراد ہلاک اور کم از کم دیگر 12 زخمی ہوگئے۔ دیہات پیڑا کا یہ واقعہ 8:15 بجے صبح پیش آیا جبکہ دو فرقوں کے گروپوں نے باہم سنگ باری کی۔ پولیس کے بموجب جھڑپ میں ملوث دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا۔ تین افراد جن کی عمریں 27 اور 30 سال کی درمیان تھی، ہلاک ہوگئے۔ جبکہ کم از کم دیگر 12 زخمی ہیں۔ 5 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، انہیں علاج کے لئے میرٹھ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کے بموجب یہ اسکولی طالبہ اسکول جارہی تھی، جبکہ دوسرے فرقہ کے چند نوجوانوں نے اسے ہراساں کیا۔ راہگیروں نے اس حرکت پر اعتراض کیا لیکن اس سے ملزم برہم ہوگئے۔ بعدازاں انہوں نے اس واقعہ کے بارے میں دیگر افراد کو بتایا اور فرقہ وارانہ جھڑپ کا آغاز ہوگیا۔ پولیس کے بموجب آتشزنی کے واقعات بھی پیش آئے۔ اس علاقہ میں اس واقعہ کے پیش نظر پولیس کی بھاری جمعیت تعینات کردی گئی ہے۔ ڈی جی پی ایس جاوید احمد نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور اے ڈی جی (لا اینڈ آرڈر) موقع واردات پر صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں۔
کشمیر میں ایک اور نوجوان زخموں سے جانبر نہ ہوسکا
سری نگر۔16 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک اور نوجوان جو گزشتہ ہفتہ جھڑپوں میں زخمی ہوگیا تھا، آج زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ چنانچہ ہلاکتوں کی جملہ تعداد 80 ہوگئی جن میں دو ملازمین پولیس بھی شامل ہیں۔ وادی کشمیر 8 جولائی سے بے چینی کی گرفت میں ہے۔ باسط مختار 5 ستمبر کو پلوامہ میں آنسو گیاس شل لگنے سے زخمی ہوا تھا۔