بجرنگ دل کے کارکنوں نے میرے شوہر کو ہلاک کیا

جھارکھنڈ میں گوشت لے جانے کے الزام میں شوہر کو زدوکوبی، بیوی کا دردناک بیان
رام گڑھ (رانچی) ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ میں بیف لے جانے کے الزام میں ایک شخص کو زدوکوب کرکے ہلاک کردیئے جانے کے صدمہ سے دوچار متوفی کی اہلیہ مریم خاتون نے کہا کہ ان کے شوہر کے بجرنگ دل کے کارکنوں نے ہلاک کیا ہے۔ انہوں نے اپنے شوہر علیم الدین عرف اصغر کے قاتلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ قاتل بجرنگ دل کے کارکن بتائے جاتے ہیں۔ آج جمعہ کے دن رام گڑھ میں واقع ان کے مکان پر سوگواروں کا ہجوم دیکھا گیا۔ اڑوس پڑوس کے لوگ مریم خاتون کو پرسہ دینے کیلئے جمع ہورہے تھے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر بیف کی تجارت کرتے تھے لیکن مریم خاتون نے پولیس کے اس دعویٰ کو مسترد کردیا اور کہا کہ میرے شوہر کوئلہ کا کاروبار کرتے تھے اور وہ ہی ہمارے خاندان کی روٹی روزی کا بندوبست کرنے والے واحد فرض تھے۔ 45 سالہ علیم الدین کو ہجوم نے حملہ کرکے ہلاک کیا تھا۔ وزیراعظم نریندر مودی نے گجرات میں گاؤرکھشکوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ وزیراعظم کے بیان کے چند گھنٹوں کے اندر ہی گاؤرکھشکوں نے جھارکھنڈ میں مسلم شخص کو مار مار کر ہلاک کردیا۔ رانچی سے 50 کیلو میٹر دور واقع رام گڑھ کے مانوا موضع میں علیم الدین کے پسماندگان میں 6 بچے ہیں جن میں 3 لڑکیاں اور 3 لڑکے ہیں۔ مریم خاتون نے اپنے شوہر کے قاتلوں کو ہرگز نہ بخشنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یہ لوگ ایسے ہی برتاؤ کے مستحق ہیں۔ انہیں جیل میں ڈالنے کی ضرورت نہیں بلکہ انہیں جہنم رسید کیا جانا چاہئے۔ بجرنگ دل کارکن مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ پولیس دانستہ طور پر اس معاملہ کو دبانے کی کوشش کررہی ہے اور اس قتل کو دوسرے زاویہ سے دیکھ رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خاطیوں کو ہمارے سامنے پیش کیا جائے اس کے بعد ہماری بستی کے خواتین فیصلہ کریں گے کے ان قاتلوں کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے۔ اگرچہ اس موضع میں عوام میں شدید برہمی دیکھی جاتی ہے پولیس نے بھاری بندوبست کئے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہیکہ انہیں پولیس پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔ ہم پولیس پر ہرگز بھروسہ نہیں کرسکتے اور ہم خود قاتلوں کو ڈھونڈ نکالیں گے اور اپنے بھائی کی موت کا بدلہ لیں گے اس کے بعد ہی ہمارا غصہ ٹھنڈا ہوگا۔ اس قتل پر صدمہ سے دوچار مقامی افراد نے احتجاج کرتے ہوئے 12 گاڑیوں کو نظرآتش کیا۔ رام گڑھ کے بجرنگ دل سربراہ چھوٹو ورما جمعرات کی رات سے فرار ہیں۔ پولیس کا کہنا ہیکہ انہیں گرفتار کرنے کیلئے کئی مقامات پر دھاوے کئے گئے ہیں۔ تاہم آر ایس ایس سے وابستہ بجرنگ دل کے جھارکھنڈ سربراہ دیویندر گپتا نے علیم الدین کے قتل میں ان کی تنظیم کا ہاتھ ہونے کی تردید کی ہے۔