اے پی کو خصوصی موقف سے توجہ ہٹانے گاؤ رکھشا کا سہارا!ا

صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ، مودی حکومت کو پون کلیان کی وارننگ
تروپتی ۔ 27 ۔ اگست : ( پی ٹی آئی ) : جنا سینا پارٹی کے بانی اور تلگو فلمی اداکار پون کلیان نے آج نریندر مودی حکومت کو خبردار کیا کہ وہ آندھرا پردیش کے عوام کے صبر کا مزید امتحان نہ لیں اور مطالبہ کیا کہ وعدہ کے مطابق اے پی کو فی الفور خصوصی ریاست کا موقف دیا جائے ۔ پون کلیان نے اپنی ریاست کو خصوصی موقف دلانے کے لیے جاری لڑائی کو آخر تک جاری رکھنے کا عہد کیا اور کہا کہ ’ اب ہم بیزار و بے چین ہوچکے ہیں ۔ برائے مہربانی اب ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیں اور نہ ہی عدم روا داری پیدا کریں ۔ خصوصی موقف ہمارا حق ہے اور ہر قیمت پر یہ دیا جانا چاہئے ‘ ۔ انہوں نے مرکز پر الزام عائد کیا کہ وہ گاؤ رکھشا کے نام پر اے پی کے خصوصی موقف سے توجہ ہٹا رہی ہے ۔ پون کلیان نے کہا کہ ’ آپ ( مودی حکومت ) گاؤ رکھشا کی بات کرتے ہیں میرے آنگن میں 15 گائے ہیں ۔ لیکن محض گاؤ رکھشا کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے آپ اہم مسائل سے توجہ ہٹا رہے ہیں ۔ تلگو اداکار نے دو سال کے وقفہ کے بعد پہلی مرتبہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران جذبات سے مغلوب لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے اردو زبان میں کہا کہ ’ہم لڑیں گے ۔ جیتنے تک لڑیں گے ‘ ۔ انہوں نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف دینے سے کسی نہ کسی بہانے کے تحت مسلسل انکار پر وزیر اعظم نریندر مودی اور دو مرکزی وزراء ارون جیٹلی اور ایم وینکیا نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پون کلیان نے مزید کہا کہ ’ مودی جی ( 2014 کی انتخابی مہم میں ) آپ نے کہا تھا کہ کانگریس نے ماں ( آندھرا پردیش ) کو ہلاک کردیا اور ایک بچہ ( تلنگانہ ) کو جنم دیا ہے ۔ لیکن اب ایسا آپ ( مودی ) اس ماں (اے پی ) کی آخری رسومات انجام دینے کی کوشش کررہے ہیں ‘ ۔ پون کلیان نے کہا کہ ’میں یقینا آپ ( وزیراعظم ) کا احترام کرتا ہوں لیکن اتنا بھی نہیں کہ آپ کے احترام میں میں سیما آندھرا کے عوام کے عزت نفس کو رہن رکھ دوں ‘ ۔ پون کلیان نے وینکیا نائیڈو پر راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ غلط کررہے ہیں ۔ وینکیا نائیڈو صاحب میری عمر آپ کے سیاسی تجربہ کے برابر بھی نہیں ہے ۔ لیکن یاد رکھئے کہ سب سے پہلے آپ ایک تلگو شخص ہیں ۔ آپ کو چاہئے کہ اپنی پارٹی کے مفاد کے بجائے سب سے پہلے عوامی مفاد پر بات کریں گے ‘ ۔ پون کلیان نے تلگو دیشم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ’ وہ ( تلگو دیشم قائدین ) اس بات پر خوفزدہ ہیں کہ اس مسئلہ پر جدوجہد کی صورت میں مرکز ان کے خلاف سی بی آئی کو پیچھے لگا دے گا ‘ ۔ پون کلیان نے تلگو دیشم قائدین سے سوال کیا کہ ’ آپ کے پاس اب بھی اس بات کو چھپانے کی کوئی بات ہے کہ آخر آپ اتنے خوفزدہ کیوں ہیں ‘ ۔ پون کلیان نے تلگو دیشم کے تین ارکان پارلیمنٹ کسینینی سرینواس ، مرلی موہن اور اونتی سرینواس کے علاوہ ریاستی وزیر پی نارائنا پر بھی سخت تنقید کی ۔۔