میدک ، نلگنڈہ ، حیدرآباد ، ورنگل ، تلنگانہ کے بدترین متاثرہ اضلاع،سڑکیں تباہ،کئی پشتے ٹوٹ گئے، اے پی کے گنٹور اور وشاکھاپٹنم میں بھاری نقصانات
حیدرآباد / وجئے واڑہ /23 ستمبر ( پی ٹی آئی / سیاست نیوز ) آندھراپردیش اور تلنگانہ کے کئی مقامات پر گذشتہ دو دن کی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد آج تقریباً 25 تک پہونچ گئی ۔ دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ تلنگانہ اور اس کی پڑوسی ریاست میں گذشتہ روز پانچ پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے ۔ تلنگانہ میں آج بھی مزید سات افراد ہلاک ہوگئے ۔ آندھراپردیش میں بھی جمعہ کو مزید پانچ افراد کی موت کی توثیق کی گئی ہے ۔دونوں ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے شہروں حیدرآباد اور وجئے واڑہ کے علاوہ کئی اضلاع میں لگاتار پانچویں دن آج بھی عام زندگی مفلورج رہی ۔ تلنگانہ کا ضلع میدک گذشتہ دو دن کی بارش سے بری طرح متاثر ہوا جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 11 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اس ضلع کے چنا شنکرم پیٹ منڈل میں سب سے زیادہ 21 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ میدک میں گذشتہ 10 دن سے وقفہ وقفہ سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ میدک میں ضلع کے کلچارام پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ودیا ساگر ریڈی نے کہا کہ ایک شخص برساتی پانی میں پھنسے اپنے بیٹے کو بچانے کی کوشش میں فوت ہوگیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک نوجوان لڑکا سریکانت کنگڈو گاؤں کے پل کے قریب سیلابی پانی جمع ہونے کے بعد یلاورتی کو روانگی کے دوران اپنی کار میں پھنس گیا تھا ۔ سریکانت نے موبائیل پر اپنے والد 58 سالہ نائنی سوامی کو اطلاع دیکہ وہ سیلابی پانی میں پھنس گیا ہے اور اس کو بچانے وہاں پہونچنے کی درخواست کی ۔ جس کے ساتھ ہی باپ اپنے بیٹے کو بچانے کیلئے وہاں پہونچ گیا اور بیٹے کو پانی سے نکالنے کی کوشش میں اپنا توازن کھو کر سیلابی پانی میں گر پڑا اور غرق ہوگیا ۔ لیکن وہاں موجود مقامی افراد نے بیٹے سریکانت کو بچالیا ۔ سوامی کی نعش برآمد کرلی گئی ہے اور بغرض پوسٹ مارٹم ہاسپٹل منتقل کردیا گیا ۔ ایک دوسرے واقعہ میں میدک ٹاون کی گولکنڈہ اسٹریٹ میں واقع ایک گھر منہدم ہوجانے کے سبب ایک ہی خاندان کے دو افراد ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ میدک پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سائی ایشور گوڑ نے کہا کہ یہ واقعہ رات کے پچھلے پہر پیش آیا جب یہ افراد گہری نیند میں سو رہے تھے ۔ مہلوین کی شناخت 35 سالہ کلاوتی اور آٹھ سالہ تلسی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سداشیوپیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مبارک پور گاؤں میں 60 سالہ شامما کا گھر منہدم ہوجانے کے سبب فوت ہوگئی ۔ سداسیوپیٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر وینکٹیشم نے یہ اطلاع دی ۔ جنارم منڈل کے موضع کانوکنٹہ میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں ایک گھر منہدم ہوجانے کے سبب ایک خاندان کے چار افراد زخمی ہوگئے ۔ جن میں دو کی حالت تشویشناک ہے ۔ جنہیں بغرض علاج حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے ضلع میدک میں بارش کی سنگین صورتحال کا جائزہ لیا اور ضلع حکام کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی ۔ ہریش راؤ نے مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس چار لاکھ روپئے بطور ایکس گریشیا دینے کا اعلان کیا ۔ ورنگل میں ایک موضغ کے وی آر او شبیر علی کے بشمول پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ کئی نشیبی علاقوں میں سیلابی پانی جمع ہوجائے نے کے سبب 6000 افراد کا تخلیہ عمل میں آیا۔
( باقی سلسلہ صفحہ 8 پر …)