ایودھیا مسئلہ ’زندہ‘ رکھنے کی سیاسی وجوہات

بی جے پی اور آر ایس ایس کا لارڈ رام کے نام پر عوامی جذبات سے کھلواڑ، چیف منسٹر نتیش کا ردعمل
پٹنہ ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بارے میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے تبصرے پر شدید ردعمل میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج کہا کہ بی جے پی کو محض سیاسی مقاصد کیلئے یہ مسئلہ ’’زندہ‘‘ رکھنے سے دلچسپی ہے۔ ’’بی جے پی تو بس یہی چاہتی ہے کہ رام مندر کا مسئلہ برقرار رکھا جائے۔ وہ لارڈ رام کے تئیں احترام کا کوئی احساس نہیں رکھتے ہیں،‘‘ چیف منسٹر بہار نے میڈیا کے نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ وہ آر ایس ایس سربراہ کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کررہے تھے جس میں انھوں نے اپنی زندگی میں رام مندر کی تعمیر مکمل ہوجانے کی امید کا اظہار کیا تھا۔ نتیش کمار نے ترش تبصرہ میں کہا: ’’وہ لارڈ رام کے ساتھ کچھ اس طرح برتاؤ کرتے ہیں جیسے کہ بھگوان رکن بی جے پی ہیں۔‘‘ ’’وہ ایسا نعرہ لگاتے ہیں کہ مندر وہیں بنائیں گے مگر تاریخ نہیں بتائیں گے،‘‘ ان الفاظ کے ساتھ چیف منسٹر بہار نے ریمارک کیا کہ ’’آخر یہ کس قسم کے بھکت ہیں؟‘‘ نتیش کمار نے زعفرانی پارٹی سے کہا کہ مسئلہ ایودھیا پر اپنے موجودہ موقف کی وضاحت کریں اور الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو صرف لارڈ رام کے نام پر عوام کے جذبات سے کھلواڑ میں دلچسپی ہے۔ جے ڈی (یو) کے سینئر لیڈر نتیش کمار نے کہا کہ یہ فیصلہ ہوا ہے کہ ایودھیا مسئلہ کو یا تو عدالتی حکمنامہ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے یا پھر دونوں برادریوں میں باہمی معاہدہ ہوجائے۔