ایم سی ڈی الیکشن: بی جے پی کے تمام 5مسلم امیدواروں کو دہلی مجالس مقامی انتخابات میں ہوئی شکست

نئی دہلی: مسلم رائے دہندوں کو راغب کرنے کی غرض سے زعفرانی پارٹی نے ایم سی ڈی میں پانچ مسلمانوں کو اپنا امیدوار بنایاتھا جو مسلم اکثریت والے وارڈس سے بھی کامیاب نہیں ہوسکے۔دہلی بی جے پی کے مسلم چہرے سرتاج احمد نے چوہان بنگر‘ کوار رفیع نے ذاکر نگر‘ صابرا ملک نے مصطفےٰ آباد‘ فام الدین صوفی نے دہلی گیٹ‘ روبینا بیگم نے قریش نگر سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیاتھا۔

ان پانچ سیٹوں پر کانگریس نے چار جبکہ عآپ نے ایک سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔مذکورہ سیٹوں پر کامیاب ہونے والے تمام مسلم امیدوار ہی ہیں۔ شعیب دانش ( کانگریس) ذاکر نگر‘ اے محمد اقبال( کانگریس) دہلی گیٹ‘ عبدالرحمن( عآپ) چوہان بنگر‘ پروین( کانگریس) مصطفےٰ آباد‘ اور نیہا فاطمہ ( کانگریس) قریش نگر۔

کانگریس ترجمان محمد علی خان نے نیوز18کو بتایا کہ ’’ ان علاقوں میں جہا ں سے بی جے پی نے مسلم امیدوار کھڑا کئے تھے وہ کانگریس کامضبوط گڑ ہیں‘ اور ایسے ہی نتائج کی ہمیں توقع تھی۔مسلم امیدواروں کو کھڑا کرنا بی جے پی کی نچلے درجہ کی سیاست تھی۔ذرادیکھیں بی جے پی کے اعلی قائدین نے حالیہ عرصہ میں کیاتھاکہ مسلمانوں کو ان کے دور اقتدار میں اہمیت دی گئی ہے‘ ایسے بیانات کچھ اور نہیں موقع پرستی ہیں‘‘۔

آر ایس ایس کے ایک سینئر لیڈر نے اپنے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر کہاتھا کہ ’’ مسلمانوں سے بی جے پی کے لئے ووٹ کی امید بے کار ہے‘‘۔آر ایس ایس لیڈر نے مزیدکہاکہ’’ میرے پاس اعدادوشمار کے ساتھ ثبوت موجود ہے کہ مسلمان کبھی بی جے پی کوووٹ نہیں دیگا‘ پھر میں کس طرح توقع کرسکتے ہیں کہ وہ ایم سی ڈی الیکشن میں ووٹ دیں گے۔وہ 10فیصد جنھوں نے ووٹ دیا بھی ہے تو خود سوال کریں گے ہم نے ایسا کیاتو کیوں کیا‘‘۔