حکومت آج سپریم کورٹ میں اپنا ادعا پیش کرے گی، پنجاب میں بند کے پیش نظر سخت سکیورٹی انتظامات ، بس سرویس معطل
نئی دہلی۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایس سی؍ ایس ٹی قانون کو نمایاں طور پر کمزور کردینے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مختلف دلت تنظیموں نے کل بھارت بند کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں حکومت پنجاب نے احتیاطی اقدامات کے طور پر سکیورٹی کو سخت کردیا ہے۔ فوج اور نیم فوجی دستوں کو مورچے سنبھال لینے کا حکم دیا ہے۔ کل اسکول بند رہیں گے اور سڑکوں سے بسیں بھی غائب رہیں گی۔ حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا کہ ریاست میں موبائیل انٹرنیٹ سرویس بھی آج شام 5 بجے سے کل صبح 11 بجے تک معطل رہے گی۔ اس سرویس کو اس لئے بند کردیا گیا کیونکہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ افواہیں پھیلانے والوں کو ناکام بنایا جاسکے۔ تمام خانگی اور عوامی ٹرانسپورٹ کو بند کے دوران سڑکوں سے دور رکھا جائے گا۔ چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ نے پولیس اور نظم و نسق کے عہدیداروں کے ساتھ سکیورٹی کا جائزہ لیا۔ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ چیف سیکریٹری، ڈپٹی کمشنران اور دیگر سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کی کوشش کریں۔ سکیورٹی فورسیس نے ریاست کے بعض اہم مقامات پر فلیگ مارچ بھی کیا۔ حکومت کی جانب سے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔ ریاپڈ ایکشن فورس کی 4 بٹالین کو تعینات کیا گیا ہے۔
12,000 اضافی پولیس جوانوں کو بھی کل ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ لا اینڈ آرڈر کو برقرار رکھا جاسکے۔ پیپسو روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے چلائی جانے والی بسیں پنجاب روڈ ویز، پن بس اور پرائیویٹ آپریٹرس کی بسیں بھی سڑکوں سے غائب رہیں گی۔ بینکس بھی بند رہیں گی۔ تمام سرکاری کالجوں، سرکاری امدادی کالجوں، خانگی کالجوں، سرکاری اور خانگی یونیورسٹیوں کو کل مجوزہ بند کے پیش نظر بند رکھا جائے گا۔ اسی طرح سرکاری اور غیرسرکاری اسکولس بھی بند رہیں گے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحان بھی منسوخ کئے گئے ہیں۔ 11 اپریل کو انہیں منعقد کیا جائے گا۔ پنجاب کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ پنجاب چونکہ ٹرانسپورٹیشن کیلئے اہم روٹ رکھتا ہے، اسی لئے یہاں پر سب سے زیادہ چوکسی برتی گئی ہے۔ سرحدوں سے متصل ریاست میں کسی قسم کی خلل اندازی کو روکنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اسی دوران محکمہ داخلی امور ، انصاف و محابس نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بند کے پیش نظر جیلوں پر بھی کڑی نظر رکھے۔ سپریم کورٹ نے 20 مارچ کوایس سی ؍ ایس ٹی قانون کے بعض سخت ترین دفعات کو حذف کردیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد قانون کے تحت سرکاری ملازمین کو ان کے فرض کی ادائیگی سے روکنے کی کوشش کو ختم کرنا تھا ، اس کے علاوہ بلیک میل کرتے ہوئے جھوٹے مقدمات درج کرنے کا عمل بھی بند کردینا تھا۔ مرکزی حکومت سپریم کورٹ میں کل اپنا ادعا پیش کرے گی ۔