اپوزیشن کے بغیر بلوںکی منظوری ٹی آر ایس حکومت کی سازش

جابرانہ اقدامات پر ٹی آر ایس کو عوام سبق سکھائیں گے۔ اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے اصل اپوزیشن کانگریس کو اسمبلی اور کونسل سے معطل کرتے ہوئے خانگی یونیورسٹیز بل کے علاوہ دوسرے بلز منظور کرتے ہوئے جمہوریت کا خون کرنے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا۔ انہوں نے یکم تا10 اپریل 17 اسمبلی حلقوں میں دوسرے مرحلے کی بس یاترا شروع کرنے کا اعلان کیا۔ آج گاندھی بھون میں پرجا چیتنیہ یاترا کے آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر نشین و قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں دوسرے مرحلے کے بس یاترا پروگرام کو قطعیت دی گئی اور کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی کو آرگنائزنگ کمیٹی کا وائس چیرمین نامزد کیا گیا۔ بعد ازاں محمد علی شبیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا ہ ٹی آر ایس نے کانگریس کے ارکان اسمبلی، ارکان قانون سازکونسل کو معطل کرتے ہوئے خانگی یونیورسٹیز بل کے علاوہ دوسرے اہم بلز کو منظور کرتے ہوئے جمہوریت گلا گھونٹ دیا ہے۔ گورنر کے خطبہ کے دوران کانگریس کے ارکان نے جمہوری انداز میں احتجاج کیا۔ اپنے حقوق کا استعمال کرنے والے کانگریس کے ارکان کو بجٹ سیشن کے اختتام تک معطل کردا گیا اور دو ارکان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے غیر قانونی کارروائی کی گئی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر پر یکطرفہ فیصلے کرتے ہوئے من مانی کرنے کا الزام عائد کیا اور اس کی سزا آئندہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو دینے کا اعلان کیا ہے۔

اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ لوک سبھا میں احتجاج کرسکتے ہیں مگر کانگریس ایم ایل ایز کو اسمبلی میں احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے اصل اپوزیشن کے بغیر خانگی یونیورسٹی بل کی منظوری کو بدبختانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح جمعرات کو بھی کانگریس کی غیر موجودگی میں پنچایت راج بل منظور کرلینے کا اندیشہ ہے۔ اس طرح دونوں بلز کو بغیر کسی ترمیم کے منظور کرنے کیلئے حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت کانگریس کے ارکان کو معطل کردیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ایڈوکیٹ جنرل کے استعفی کو حکومت تلنگانہ کے منہ پر طمانچہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ پرکاش ریڈی نے حکومت کے غلط اور غیر قانونی اور غیر دستوری فیصلوں کی نشاندہی کی جس کو حکومت نے برداشت نہیں کیا۔ انہوں نے سوامی گوڑ پر حملہ ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جب حملہ ہوا ہے تو حکومت ہائی کورٹ کو ویڈیو فوٹیج پیش کرے۔ عدالت کو ویڈیو فوٹیج پیش نہ کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ کوئی حملہ ہی نہیں ہوا ہے۔ اگر ہوتا تو جتنی تیزی سے اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی گئی اس سے زیادہ تیزی سے ہائی کورٹ کو بطور ثبوت ویڈیو فوٹیج پیش کیا جاتا۔ حکومت کا ویڈیو فوٹیج دینے سے انکار کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سوامی گوڑ پر کوئی حملہ نہیں ہوا۔ راست کے عوام ٹی آر ایس حکومت کے جابرانہ رویہ کو دیکھ رہے ہیں اور وقت آنے پرسبق سکھائیں گے۔ ٹی آر ایس نے کانگریس کو ایوانوں سے معطل کیا ہے جبکہ عوام ٹی آر ایس کو اقتدار سے برطرف کردیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 26 فبروری تا 8مارچ تک منظم کی گئی بس یاترا توقع سے زیادہ کامیاب رہی ہے ۔ دوسرے مرحلے کی بس یاترا کا یکم تا 10اپریل تک انعقاد کیا جائیگا۔