دبئی ۔ 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے اہم کاروباری اور سیاحتی مرکز دبئی کے ہوائی اڈوں کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2018میں دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈٰے پر 76 لاکھ مسافروں کا استقبال کیا گیا۔ بتایا گیا کہ ہوائی اڈے پہنچنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 7613155 رہی۔ یہ تعداد گزشتہ برس اپریل 2017ء میں 7622946 مسافروں کے مقابلے میں 0.1 فی صد کم رہی۔رواں برس کے ابتدائی چار ماہ کے دوران دبئی ائرپورٹ استعمال کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد 30354349 رہی۔ یہ تعداد گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران مسافروں کی تعداد 30119542 کے مقابلے میں 0.8 فی صد زیادہ ہے۔دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ساتھ معاملات میں شرح نمو کے لحاظ سے مشرقی یورپ پہلے نمبر پر رہا جس کی شرح نمو 28 فی صد ہے۔مسافروں کی مجموعی تعداد کے لحاظ سے بھارت نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی جس کے مسافروں کی تعداد 1027267 رہی۔ دوسری پوزیشن سعودی عرب کی رہی جس کے مسافروں کی مجموعی تعداد 640556 رہی۔