اٹلی زلزلہ : ہلاکتوں کی تعداد 268، ہنگامی حالات کا نفاذ

روم ۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اٹلی کے وسطی حصے میں چہارشنبہ کو آئے شدید زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 268 سے تجاوز ہوگئی ہے اور ملبے تلے دبے افراد کے زندہ بچنے کی امید کم ہوتی جا رہی ہے۔ حکام نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالات نافذ کر دیئے ہیں اور وزیرِ اعظم میتیو رینزی نے بحالی کے اقدامات کے لیے 50 ملین یورو فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ زلزلے کے نتیجے میں 268 افراد کی ہلاکت اور 400 کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ حکام کے مطابق پانچ ہزار امدادی کارکنان ملبے میں دبے لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ جمعرات کو 4.3 شدت کے ایک زلزلے کے بعد امدادی کارکنوں کو پہلے سے متاثرہ عمارتوں سے لاپتہ افراد کی تلاش کے کام کو روکنا پڑا۔ اماٹریس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں گرد اور دھول کا ایک بگولہ ہوا میں بلند ہوتا دیکھا گیا۔ اس سے پہلے امدادی کارکنوں نے صحافیوں اور وہاں موجود دیگر افراد سے کہا ہے کہ اماٹریس سے فوری طور پر چلے جائیں کیونکہ شہر میں عمارتین خود بخود زمین بوس ہو رہی ہیں۔ حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں اماٹریس میں ہوئی جہاں 184 افراد ہلاک ہوئے جو زلزلے کے مرکز کے قریب واقع ہے۔