اُسامہ کے بیٹے نے 9/11 ہائی جیکر کی بیٹی سے شادی کر لی

لندن۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کے بیٹے ’حمزہ بن لادن‘ نے 9/11حملے کے ہائی جیکر کی بیٹی سے شادی کرلی ہے۔برطانوی اخبار’دی گارجیئن‘ کی رپورٹ کے مطابق2001 میں 9/11کے حملے کے ماسٹر مائنڈ محمد عطاء کی بیٹی سے القاعدہ کے سربراہ اُسامہ بن لادن کے 29 سالہ بیٹے حمزہ بن لادن نے شادی کر لی ہے۔ اِس بات کی تصدیق اُسامہ بن لادن کے سوتیلے بھائی ’احمد اور حسن العطاس‘ نے کی ۔ انھوں نے کہا کہ حمزہ بن لادن القاعدہ کے ایک اہم عہدے پر فائز ہیں انہوں نے اس بات کا بھی انکشاف کیا ہے کہ وہ امریکہ سے اپنے والدکے قتل کا بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ جنہیں امریکی اہلکاروں نے خفیہ آپریشن کے دوران پاکستان میں 2 مئی 2011 کو ہلاک کردیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حمزہ، اُسامہ بن لادن اور ان کی تیسری اہلیہ خیریہ صابر کے بیٹے ہیں، اُسامہ کے قتل کے وقت وہ ان کے ساتھ ایبٹ آباد کے اسی کمپاؤنڈ میں مقیم تھیں جہاں امریکی اہلکاروں کی جانب سے خفیہ آپریشن کیا گیا تھا۔ احمد اور حسن العطاس کے مطابق اُسامہ کا ایک بیٹا خالد ایبٹ آبادمیں امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاک ہوگیاتھا جبکہ ان کا دوسرا بیٹا سعد 2009 ء میں افغانستان میں ڈرون حملے میں ہلاک ہوا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حمزہ اپنے والد کے مشن کے تکمیل اور قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔