اوہائیونائٹ کلب میں فائرنگ ایک ہلاک،15زخمی

دہشت گردی کا کوئی شبہ نہیں ، امریکہ میں گن کلچرمیں شدت

واشنگٹن ۔ 26مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی ریاست اوہائیو کے علاقہ سنسناٹی کی ایک نائٹ کلب میں آج علی الصبح فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دیگر 15زخمی ہوگئے ۔ اسسٹنٹ پولیس سربراہ پال نیوڈیگیٹ نے کہا کہ سینکڑوں افراد کیمیونائٹ کلب میں موجود تھے جب کہ اس فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔انہوں نے کہا کہ صورتحال انتہائی سنگین ہے ۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے اس واقعہ کی تفصیلات پیش کی ہیں جن کی وجہ سے اس علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی ہے اور ہر شخص خوفزدہ ہے کیونکہ فائرنگ کی کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔یہ نائٹ کلب تشدد کی تاریخ رکھتا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس فائرنگ کے واقعہ سے دہشت گردی کا کوئی شبہ نہیں پایا جاتا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ کلب فائرنگ کے وقت گاہکوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ آج صبح کی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ عینی شاہدین سے پوچھ گچھ کررہے ہیں ۔ بعض زخمی از خود دواخانہ میں شریک ہوئے اور دیگر کو ایمبولنس کے ذریعہ پہونچایا گیا ۔ ہفتہ کی شام ہونے کی وجہ سے کلب میں لوگ زیادہ تھے ۔ کلب میں کئی عہدیدار سکیورٹی کے طور پر کام کررہے تھے ۔ انہوں نے زخمیوں کو طبی امداد پہونچائی اور گولی سے ہلاک ہونے شخص کو بچانے کی بھی کوشش کی گئی ۔ صبح 6 بجے کے بعد اس شخص کی نعش برآمد کی گئی ۔ اس مقام پر شراب ، تمباکو ، آتشیں اسلحہ بھی برآمد کئے گئے ۔ حکام نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے کے بارے میں اگر کوئی معلومات فراہم کرتا ہے تو تحقیقات میں مدد ملے گی ۔