انڈونیشیا میں زلزلہ مہلوکین کی تعداد 555 ہوگئی

جکارتہ ۔ 24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا کا جزیرہ لومبوک اس وقت جن بدقسمت حالات کا سامنا کررہا ہے شاید ایسا شاذونادر ہی ہوا ہو۔ زلزلہ کی تباہی اور زلزلہ کے بعد بھی مزید جھٹکوں نے یہاںکی زندگی درہم برہم کر رکھی ہے۔ حالات اگر کچھ معمول پر آتے ہیں تو فوراً ہی زلزلہ کا دوسرا جھٹکا آ کر حالات کو مزید بگاڑ دیتا ہے۔ حیرت انگیز طور پر زلزلہ میں ہلاکتوں کی تعداد 555 ہوچکی ہے جبکہ 1500 افراد زخمی بھی ہیں۔ ڈیساسٹر ایجنسی کے مطابق ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ 29 جولائی اور 5 اگست کو خوبصورت جزیرہ جو بالی جیسے مقبول ترین سیاحتی مقام سے قریب ہے، دو زبردست جھٹکوں نے یہاں کی زندگی درہم برہم کردی ہے جبکہ اتوار کے روز 6.9 شدت کے کئی جھٹکے بھی محسوس کئے گئے۔ یاد رہیکہ لومبوک کے شمالی حصہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور پڑوسی جزیرہ سمباوا میں بھی ہلاکتوں کی خبریں ہیں۔