اندرا نوئی سے مجھے تحریک اور سرپرستی حاصل ہوئی : ایوانکا۔ سبکدوشی سے قبل صدر امریکہ کی جانب سے عشائیہ پر مدعو
نیویارک ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) پیسپی کو کی سبکدوش ہونے والی سی ای او اور ماسٹر کارڈ کے چیف ایگزیکٹیو اجے بانگا آج اُن اعلیٰ سطحی کارپوریٹس میں شامل تھے جنھیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انپے خانگی گولف کلب موقوعہ نیوجرسی میں عشائیہ کے لئے مدعو کیا۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر موصوف کارپوریٹ لیڈروں کو مدعو کرتے ہوئے اُن کے (کارپوریٹس) نقطۂ نظر سے معیشت کے استحکام کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں اور یہ بھی جاننا چاہتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں معیشت کو مزید مستحکم کرنے اُن کی کیا ترجیحات ہیں۔ اندرا نوئی اپنے شوہر راج نوئی اور اجے بانگا اپنی اہلیہ ریتوبانگا کے ساتھ شریک ہوئے ۔ جن اہم ترین 15شخصیات کی فہرست وائیٹ ہاؤس نے جاری کی ہے اُس کے مطابق عشائیہ میں فیاٹ کریسلر کے سی ای او مائیکل مینلے ، فیڈیکس کے صدر اور سی ای او فریڈرک اسمتھ اور بوئنگ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈینس ملنبرگ کے نام قابل ذکر ہیں جبکہ خاتون اول میلانیا ٹرمپ ، دختر ایوانکا اور داماد جارڈ کوشنر نے بھی عشائیہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ٹرمپ نے اندرا نوئی کو دُنیا کی سب سے زیادہ طاقتور اور بااختیار خاتون قرار دیا ۔ اپنے خطاب کے دوران انھوں نے کہاکہ یہ اُن کی خوش قسمتی ہے کہ وہ آج دُنیا کے چند اعلیٰ سطحی بزنس قائدین سے ملاقات کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ تمام بزنس قائدین غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں اور اُن کے نظریات پر عمل آوری سے امریکہ ایک بار پھر عظیم بن سکتا ہے ۔ یاد رہے کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے کہ ٹرمپ اپنے خطاب میں کسی کی تعریف کریں لیکن جس طرح انھوں نے تمام مدعوئین کی نہ صرف ستائش کی بلکہ امریکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اُن کے رول کو بھی سراہا ، اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ صرف اُن ہی لوگوں کی ستائش کرتے ہیں جو امریکہ کیلئے فائدہ مند ہوں ۔ پول رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اپنے والد ٹرمپ کی مشیر ایوانکا ٹرمپ نے بھی اپنے خطاب کے دوران اندرانوئی کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ تجارتی شعبہ میں انھیں (ایوانکا) اندرا نوئی سے زبردست تحریک حاصل ہوئی۔ 24 سال کی طویل خدمات کے بعد اندرا نوئی 3 اکتوبر کو سبکدوش ہورہی ہیں جن میں سے 12 سال انھوں نے سی ای او کی حیثیت سے فرائض انجام دیئے ۔ پیپسی کو بورڈ آف ڈائرکٹرس نے 62 سالہ اندرا نوئی کی جگہ اب اتفاق رائے سے 54 سالہ ریمن لاگورٹا کا سی ای او کی حیثیت سے انتخاب کیاہے۔ ایوانکا نے کہاکہ اندرا نوئی اُن کی سرپرست ہیں اور وہ ہمیشہ اُن کی کمی محسوس کرتی رہیں گی ۔