انتخابی تشدد : کانگریس قائدین پر حملہ کیس میں 3نوجوان گرفتار

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی رہائش گاہ پر حملہ اور توڑ پھوڑ کیس میں گرفتار رکن اسمبلی بلعلہ ضمانت پر رہا
حیدرآباد۔/3فبروری، ( سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی انتخابات کے دوران کانگریس قائدین پر حملے اور تشدد میں ملوث تین نوجوانوں کو میر چوک پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی رہائش گاہ پر حملہ کے دوران اُن کے فرزند محمد اعظم علی خرم کو زدوکوب کرنے اور وہاں پر توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں رکن اسمبلی ملک پیٹ احمد بلعلہ اور ان کے حامی شاکر کو نامپلی کورٹ میں پیش کردیا گیا۔ عدالت نے رکن اسمبلی اور ان کے حامی کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا۔ واضح رہے کہ کل انتخابات کے دوران پراناپل ڈیویژن کے کانگریس امیدوار محمد غوث کی گرفتاری کی اطلاع پر میر چوک پولیس اسٹیشن پہونچنے والے صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی، قائد اپوزیشن قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر اور کانگریس کے  رکن اسمبلی رام موہن ریڈی پر رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی اور ان کے حامیوں نے اچانک حملہ کردیا تھا جس میں مسٹر شبیر علی اور دیگر زخمی ہوگئے تھے جبکہ ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔

مسٹر شبیر علی کی شکایت پر میر چوک پولیس نے رکن پارلیمنٹ اور دیگر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے آج تین ملزمین سید عبدہ کشف ( سوشیل میڈیا انچارج  مجلس پارٹی )، مسیح الدین اور شیخ عابد کی گرفتاری کا اعلان کیا جبکہ مذکورہ تینوں ملزمین نے ڈی سی پی کے روبرو خود سپردگی اختیار کی تھی۔ گرفتار ملزمین کو آج نامپلی کریمنل کورٹ میں پیش کیا گیا۔باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پولیس میر چوک  پولیس اسٹیشن کے قریب نصب کئے ہوئے کیمروں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کا تجزیہ کررہی ہے جس کے نتیجہ میں مزید افراد کی گرفتاری کی جاسکتی ہے۔ میر چوک پولیس رکن پارلیمنٹ کے خلاف بھی کارروائی کرنے کیلئے ان کی تلاش کررہی ہے لیکن انہوں نے اچانک شہر چھوڑ دیا۔ انتخابات کے دوسرے دن میر چوک پولیس نے کانگریسی قائدین کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا ہے۔ ڈی سی پی ساؤتھ مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ بعض افراد کی شکایت پر صدر پی سی سی مسٹر اتم کمار ریڈی اور قائد اپوزیشن مسٹر محمد علی شبیر اور محمد غوث و دیگر کے خلاف امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے اور پولیس اسٹیشن کے قریب ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسی طرح چندرائن گٹہ پولیس نے بی جے پی لیڈر مہیندر کی شکایت پر رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مسلم خواتین سے مبینہ بدسلوکی اور چہرے کی شناخت کیلئے نقاب پر اعتراض کرنے والے بی جے پی لیڈر مہیندر کے خلاف بھی چندرائن گٹہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ رین بازار کے سابق کارپوریٹر خواجہ بلال نے بی جے پی پولنگ ایجنٹ کو زدوکوب کرنے کے الزام میں درج کئے گئے مقدمہ کی پولیس اسٹیشن پہنچ کر ضمانت حاصل کرلی۔