قطعی تواریخ کا جلد اعلان ، ٹی آر ایس کا ورنگل جلسہ ناکام، ڈاکٹر کے لکشمن کا بیان
حیدرآباد /28 اپریل ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کے صدر امیت شاہ تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے ملاقات و تبادلہ خیال کریں گے ۔ امیت شاہ بوتھ لیول عہدیداروں کے ساتھ اجلاس بھی منعقد کریں گے ۔ پارٹی کے ایک لیڈر کا کہنا ہے کہ ریاست میں 2019 کے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے ضمن میں امیت شاہ کا یہ دورہ ہونے والا ہے ۔ بی جے پی ریاستی یونٹ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ بات ہے کہ امیت شاہ تلنگانہ کا سہ روزہ دورہ کریں گے اور پولنگ بوتھ کمیٹی ارکان ، ریاستی سطح کے قائدین ، ارکان اسمبلی اور کسی ضلع کے اہم شخصیتوں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کریں گے تاکہ ریاست میں پارٹی کو مستحکم کیا جاسکے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ مرکزی سطح سے توثیق کے بعد ہی امیت شاہ کے دورہ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ ایک پارلیمانی حلقہ کے کنونشن میں بھی شرکت کریں گے ۔ بی جے پی تلنگانہ میں مختلف مقامات پر لوک سبھا حلقہ کی سطح کے کنونشن منعقد کرچکی ہے ۔ جس میں مرکزی وزراء پی روپالا ، پرکاش جاوڈیکر اور دوسرے شرکت کرچکے ہیں ۔ مرکزی وزراء نتن گڈکری ، وینکیا نائیڈو ، نرملا سیتارمن بھی کچھ مقامات پر ایسے اجلاسوں میں شرکت کرچکے ہیں ۔ ڈاکٹر لکشمن نے ریاست میں ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ وہ عوام کی توقعات کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جماعت میں کل ورنگل میں جو جلسہ عام منعقد کیا تھا اس میں عوام کی شرکت توقعات سے کافی کم رہی ہے ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء نے تلنگانہ تحریک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ جامع عثمانیہ کی صدی تقاریب کے افتتاحی اجلاس سے خطاب نہ کرتے ہوئے طلباء و سابق طلباء سبھی کو مایوس کیا ہے ۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ امید کی جارہی تھی کہ کے چندر شیکھر راؤ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے طلباء کو خراج پیش کریں گے اور ان کے رول کا اعتراف کریں گے لیکن چندر شیکھر راؤ نے تقریر سے گریز کیا اور طلباء و اساتذہ کو بھی مایوس کیا ہے ۔