امریکی مصور و کارٹونسٹ کو ٹرمپ کے ارکان خاندان کی دھمکی

صدر کے کٹے ہوئے سر سے مشابہ تصویر بنانے پر برہمی کے بعد کیتھی گریفین کے کیریئر کو خطرہ
لاس اینجلس۔3 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی مشہور و معروف ، سیاسی نقاد و طنز نگار اور کامیڈین کیتھی گریفین نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے ارکان خاندان حالیہ عرصہ میں ٹرمپ کی ایک متنازعہ تصویر منظر عام پر آنے کے بعد ان (گریفین) کی زندگی ہمیشہ کے لئے تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اس خاتون نقاد، کامیڈین و طنز نگار نے ماسک (چہرہ) کی تصویری تخلیق کی تھی جو امریکہ کے صدر کے کٹے ہوئے سر سے مشابہت رکھتا ہے۔ ٹرمپ اور ان کے ارکان خاندان نے ٹوئٹر پر اس تصویری خاکہ پر اپنی ناراضگی اور برہمی کا اظہار کیا تھا اور گریفین کا کہنا ہے کہ اس کے بعد انہیں مسلسل موت کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں۔ کیتھی گریفین کی وکیل یسابلوم نے کہا کہ یہ دراصل کامل کی ایک تخلیق کار اور مصورہ کے حق آزادی اظہار خیال کو سلب کرنے کی ایک کوشش ہے کیونکہ گریفین ایسی سیاسی نقاد اور طنز نگار ہیں جن کی تصاویر اور کارٹونس دل کو چھو لیتے ہیں۔ گریفین نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’میرے ساتھ آج جو بھی ہورہا ہے، اس عظیم ملک میں پہلے کبھی نہیں ہوا‘‘۔ وہ اس ضمن میں ان کے تیار کردہ تصویری نمونہ پر ٹرمپ اور ان کے ارکان خاندان کے ٹوئٹس کا حوالہ دے رہی تھیں۔ گریفین نے کہا کہ ’’میں نہیں سمجھتی کہ اس کے بعد میرا کیریئر جاری رہے گا۔ میں دیانت داری سے کہتی ہوں کہ انہوں (ٹرمپ اور ان کے ارکان خاندان) نے مجھے توڑ دیا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ یہ صحیح نہیں ہوا ہے اور میں معذرت خواہی کرتی ہوں کیونکہ یہی ایک صحیح طریقہ ہے جس کی میرے پاس کافی اہمیت ہے‘‘۔گریفین منگل کے بعد پہلی مرتبہ بلوم کے دفتر پہنچی تھیں۔ انہوں نے منگل کو ٹرمپ کی تصاویر جاری کی تھیں جس پر ایک تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ گریفین نے پریس کانفرنس میں اعادہ کیا کہ ’’معذرت خواہی بدستور برقرار رہے گی، میں خود کو بہت زیادہ خو ف زدہ محسوس کررہی ہوں‘‘۔