امریکی شہریوں کو برفانی طوفان کا خطرہ ، محکمہ موسمیات کا انتباہ

واشنگٹن ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقوں میں جمعہ کو شدید برفباری سے کروڑوں افراد کی زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ نیشنل ویدر سروس نے اپنی تنبیہ میں کہا ہے کہ واشنگٹن اور بحرِ اوقیانوس کی ساحلی ریاستوں میں ’مفلوج کر دینے کی صلاحیت رکھنے والے‘ برفانی طوفان میں ریکارڈ برف پڑنے کا امکان ہے۔ پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ اس طوفان کے دوران بعض علاقوں میں چند گھنٹے کے دوران تقریبا دو فٹ تک برف پڑے گی اور اس کا سب سے زیادہ اثر ریاست واشنگٹن پر ہوگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے دوران بجلی کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے اور عین ممکن ہے کہ ٹرین اور فضائی سفر بھی کچھ وقت کے لیے روکنا پڑے۔ اس پیش قیاسی کے بعد امریکہ کی مشرقی ساحلی ریاستوں میں دکانوں پر عوام کی لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں جبکہ دکانوں پر اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ نیشنل ویدر سروس نے خبردار کرتے ہوئے کہا ’زبردست برفباری اور تیز ہوا کے ساتھ اڑنے والی برف سے خطرناک صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہے جو انسانی زندگی اور جائیداد کے لیے خطرہ ثابت سکتی ہے۔‘ اس دوران واشنگٹن کے میئر نے شہر میں 15 دنوں کے لیے ہنگامی حالات کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ریاست میری لینڈ، نارتھ کیرولائنا ، پینسلوینیا اور ورجینیا کے گورنروں نے بھی ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران تمام سکول بند رہیں گے اور انتظامیہ نے برف سے نمٹنے کے لیے ابھی سے سڑکوں پر نمک ڈالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔