واشنگٹن ۔ 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے اتوار کو کہا کہ ایسے حالات پیدا ہوں گے کہ تاریخ میں یادگار ہوجائیں گے اور پرانی تاریخ کو لوگ بھول کر اس تاریخی جنگ اور اس کی ہولناک تباہیوں کو ہمیشہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر جلی حرفوں میں لکھا کہ کبھی بھی امریکہ کو دھمکی مت دینا بصورت دیگر ایسا بھیانک انجام ہوگا جو تاریخ میں اس سے پہلے کبھی نہ ہوا تھا اور نہ ہوگا۔ یہ انتباہی پیغام ٹرمپ کی جانب سے ٹوئیٹر پر صدر ایران حسن روحانی کو راست دیا گیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم وہ ملک نہیں ہیں جو تمہاری دھمکی اور حوفزدہ الفاظ سے اور موت سے ڈر جائیں۔ یہ جواب اتوار کو حسن روحانی کے اس بیان کے بعد آیا ہے جبکہ حسن روحانی نے امریکہ کو شیر کی دم سے کھیلنے سے روکتے ہوئے ان پر طنز کیا تھا اور کہا تھا کہ اب کی بار جنگ تمام جنگوں کی ماں ہوگی یعنی تمام جنگیں اس جگن کے بعد اس کی ہولناکیوں کے سامنے ماند پڑجائیں گے۔ واضح رہیکہ ٹرمپ نے نیوکلیئر ٹیکناولجی کے حامل شمالی کوریا کے ساتھ دوستی اور اس ٹیکنالوجی کے حصول کی کوششوں پر ایران کو ’’آسان ہدف‘‘ بنا لیا ہے۔