حیدرآباد 7 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے شہر کنساس سٹی کی ایک ریسٹورنٹ میں ہوئی فائرنگ میں تلنگانہ سے تعلق رکھنے والا ایک 25 سالہ نوجوان شرت کوپو ہلاک ہوگیا ۔ کہا گیا ہے کہ ہوٹل میں نامعلوم افراد نے فارئنگ کردی تھی ۔ شرت نے واسوی کالج آف انجینئرنگ سے گریجویشن مکمل کی تھی اور وہ جنوری 2018 میں امریکہ منتقل ہوا تھا ۔ وہ وہاں یونیورسٹی آف مسوری ۔ کنساس سٹی کا طالب علم تھا ۔ نامعلوم افراد نے جیز فش اینڈ چکن مارکٹ کنساس سٹی میں 6 جولائی کو فائرنگ کردی تھی جس میں شرت شدید زخمی ہوگیا تھا ۔ متوفی کے رشتہ داروں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اسے پانچ گولیاں لگی تھیں۔ شرت کو فوری ایک قریبی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔ کنساس سٹی پولیس کے خیال میں یہ ایک رہزنی و قتل کا مسئلہ ہے ۔ پولیس نے مشتبہ افراد کے ویڈیو اور تصاویر جاری کی ہیں۔