امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیے جیسا :اردغان

استنبول۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر ترکی رجب طیب اردغان نے امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی معاشی پابندیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیے جیسا ‘‘ہے۔ اردغان ،کرغستان میں بزنس فورم سے خطاب کررہے تھے۔ ترکی اور روس کے درمیان ڈالرس کے بغیر تجارت کی بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس میں اپنی کرنسیوں میں تجارت کرکے امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کیلئے ْختم کردینا چاہئے۔ صدر ترکی نے مزید کہا کہ ’’واشنگٹن کا رویہ جنگلی بھیڑیے جیسا ہے ، اس لئے اس پر اعتبار نہیں کرنا چاہئے۔ امریکی ڈالر کا استعمال ہمیں نقصان پہنچا رہا ہے، لیکن ہم ہار نہیں مانیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔واضح رہے کہ ترکی اور روس دونوں ہی امریکہ کی پابندیوں کی وجہ سے شدید معاشی بحران کا شکار ہیں۔ روس کی کرنسی بھی انہیں پابندیوں کے باعث 2 سال کی اقل ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔