امریکہ میں مسافرین کی سخت ترین جانچ

۔11 ممالک کے پناہ گزینوں پر امتناع برقرار: ٹرمپ
واشنگٹن ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک پر دہشت گرد حملہ کے پس منظر میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 9/11 کے بدترین نیویارک سانحہ کے بعد آج پیش آئے دوسرے بدترین ہلاکت خیز دہشت گرد حملے کے بعد امریکہ پہنچنے والے مسارین کی مزید سخت ترین جانچ کرنے کا حکم دیا ہے۔ منہاٹن میں آج ایک ازبک باشندہ نے موٹر سیکلوں کی ایک مصروف ترین گذرگاہ میں کئی افراد پر اپنی تیز رفتار ویان چڑھا دی تھی جس کے نتیجہ میں کم سے کم 8 افراد ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ نے اس واقعہ کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر لکاھ ہیکہ ’’میں ہوم لینڈ سیکوریٹی کو پہلے سے موجود جانچ کے طریقہ کار کو مزید سخت ترین بنادینے کا حکم دے چکا ہوں۔ سیاسی طور پر ٹھیک رہنا درست ہے لیکن اس کے لئے یہ ٹھیک نہیں رہے گا‘‘۔ ٹرمپ انتظامیہ نے پناہ گزینوں پر 120 روزہ امتناع کے بعد گذشتہ ہفتہ پناہ گزینوں کا داخلہ بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم ’’انتہائی پرخطر‘‘ ممالک کے خلاف جن میں اکثر مسلم ممالک ہی ہیں، یہ امتناع بدستور برقرار رہے گا۔ ٹرمپ نے ٹوئیٹر پر مزید لکھا کہ ’’آئی ایس آئی ایس کو ہم مشرق وسطیٰ یا کہیں اور شکست دینے کے بعد دوبارہ امریکہ میں داخلے یا واپسی کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔