جارجیا ، کیرولینا ، فلوریڈا میں بڑے پیمانے پر تباہی ، متعدد گھر منہدم ، برقی مسدود
ایڈل ۔23جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوب مشرقی امریکہ میں خطرناک آندھی اور طوفان نے بدترین تباہی مچائی ہے جس کے نتیجہ میں 18 افراد فوت اور سینکڑوں بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اواخر ہفتہ پر موسم کی ستم گری نے جنوبی امریکہ میں لاکھوں افراد کو ناقابل بیان مصیبتوں سے دوچار کردیا جہاں کئی عارضی رہائشی گھر ، طوفانی ہواؤں میں اُڑ گئے ۔ درخت جڑ سے اُکھڑکر سڑکوں پر گر پڑے ۔ بالخصوص مسی سپی اور جارجیا میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ اتوار کی شب پھیلنے والی موسمی تباہ کاریوں نے جارحانہ وسعت اختیار کرتے ہوئے جنوبی و شمالی کیرولینا ریاستوں کے علاوہ شمالی فلوریڈا کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ تیزی سے پیشقدمی کرنے والے طوفان اور قیامت خیز آندھی کے سبب جارجیا میں اتوار کو 14 افراد فوت ہوگئے ۔ اس ریاست میں دن بھر طوفان بڑھتا رہا اور طلوع سے قبل کم سے کم ایک خطرناک آندھی کی اطلاع موصول ہوئی ہے ۔ رات گذرنے کے باوجود یہ طوفان بدستور پیشقدمی کررہا ہے ۔ مسی سپی میں ہفتہ کی شب کم سے کم چار افراد اس آندھی کے ہلاکت خیز حملے کی نذر ہوگئے ۔ جارجیا کے ایک بڑے شہر البانی میں جہاں 76000 افراد مقیم ہیں کئی گھر طوفانی ہواؤں میں اُڑ گئے یا آندھی کے سبب منہدم ہوگئے ۔ ایک مقامی خاتون نورمافورڈ نے اپنے بھتیجہ کے ایک گشتی گھر کے منہدم ہوجانے کی اطلاع کے بعد دیگر رشتہ داروں کے ساتھ دوسرے مقام کومنتقل ہوگئی ہے ۔ فورڈ نے کہاکہ راستوں پر گھنے درخت اور برقی تاروں کے گرجانے کے سبب کئی بڑی سڑکیں ناقابل عبور ہوگئی ہیں، جس کے نتیجہ میں وہ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کیلئے دو کیلومیٹر تک پیدل چلنے پر مجبور ہوگئیں۔ انھوں نے بتایا کہ ان کا بھتیجہ بحفاظت ہے لیکن علاقہ میں کئی گھر منہدم ہوچکے ہیں۔ جارجیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے کہاکہ دفھرئی میں تین اموات کی توثیق ہوئی ہے ۔ آندھی اور طوفان کے سبب آئی تباہی نے عوام کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے ۔ برقی سربراہی مسدود ہے اور کھانے پینے کی اشیاء کا حصول بھی دشوار ہوگیا ہے ۔