تاریخی مکہ مسجد کے خطوط پر 10 ایکڑ پر عالمی معیار کی طرز تعمیر کا جائزہ
امراوتی۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی دارالحکومت امراوتی میں حیدرآباد کی مکہ مسجد کے خطوط پر ایک عظیم الشان مسجد تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حیدرآباد کی شان و پہچان تاریخی و پرکشش مکہ مسجد سے ہے تو آندھرا پردیش کے دارالحکومت امراوتی میں اس طرز کی مسجد تعمیر کی جائے گی۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مسجد کیلئے اپنے منصوبہ کو قطعیت دینا شروع کیا ہے اور وہ یہاں عظیم الشان مسجد بنانا چاہتے ہیں۔ انداولی میں کیپٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر نائیڈو نے عالمی معیار اور اسلامی طرز کی عظیم الشان مسجد بنانے کا اعلان کیا۔ امراوتی کو عالمی سطح کا سیاحتی مقام بنانے کے عزم کے ساتھ نائیڈو نے اس دارالحکومت کو ایک خصوصی مقام بھی دینا چاہتے ہیں۔ مسجد کی تعمیر کیلئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 10 ایکڑ پر مسجد کی تعمیر عمل میں آئے گی۔ ریاستی وقف بورڈ کی نگرانی میں مسجد کی تعمیر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کی طرز پر کی جائے گی اور امراوتی کو سب سے بڑا سیاحتی پرکشش مرکز بنایا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو نے اجلاس میں مختلف پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیا۔