الیکٹرانکس کمیونیکیشن کے معذور انجینئر کی امریکہ میں گرانقدر خدمات

فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے تہنیت ، جناب ظہیر الدین علی خاں اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کے تعاون و اشتراک سے انجینئر محمد یوسف ( حال مقیم امریکہ ) کی تہنیتی تقریب دفتر فیض عام ٹرسٹ ، بابو خاں اسٹیٹ بشیر باغ منعقد ہوئی ۔ جس میں شہر کی ذی اثر شخصیات مرد و خواتین شریک تھے ۔ صدارت ڈاکٹر شمشاد حسین چیرمین ٹرسٹ نے کی ۔ محمد یوسف جو بظاہر جسمانی معذور ہیں لیکن انہوں نے اپنی اس معذوری کو بالائے طاق رکھ کر محنت و لگن اور جان فشانی کے ذریعہ الیکٹرانک کمیونیکیشن انجینئرنگ سال 1988 میں اول درجہ سے کامیابی حاصل کی اور اپنا مقام بناتے ہوئے امریکہ میں ان دنوں برسرروزگار ہیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کے ذریعہ اس قابل ہوچکے ہیں کہ دوسروں کی مالی مدد کرسکے ۔ آج اس تقریب میں انجینئر محمد یوسف سے شرکاء نے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دئیے ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے محمد یوسف کی صلاحیتوں کو سراہا اور مبارکباد دی کہ وہ معذور ہونے کے باوجود اپنے مقصد کو پالیا اگر جناب محمد یوسف جیسے فعال اور ہنر مند نوجوان و افراد معاشرہ کو مل جائیں تو یہ معاشرہ ہر نہج پر ترقی کرتے ہوئے ایک مثالی مقام دنیا میں پیدا کرسکے گا ۔ انہوں نے محمد یوسف کو موجودہ نئی نسل کے لیے ایک مثالی قرار دیا ۔ جناب افتخار حسین سکریٹری ٹرسٹ نے محمد یوسف اور شرکاء کا خیر مقدم کیا اور محمد یوسف کی تعلیمی صلاحیت و قابلیت کی سراہنا کی اور کہا کہ گو کہ وہ جسمانی طور پر معذور ہیں اس کے باوجود بڑی خاموشی کے ساتھ ان کی جدوجہد اور اعلیٰ تعلیم اور روزگار کا حاصل کرنا اور اس سے دوسروں کو نفع بخش بننا بڑا اہمیت کا حامل ہے ۔ جناب افتخار حسین نے فاونڈیشن کی جانب سے جو تعاون محمد یوسف کا کیا گیا اس کی تفصیل پیش کی ۔ اس موقع پر جناب ظہیر الدین علی خاں کے ہاتھوں محمد یوسف کو گلدستہ پیش کیا گیا ۔ انجینئر محمد یوسف نے فاونڈیشن کے تعاون و اشتراک کا شکریہ ادا کیا جب کہ ان کی ایسے وقت مدد کی جن گھڑیوں کو ہمیشہ اپنے ذہن میں تازہ رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے دوران انجینئرنگ تعلیم جن تکالیف سے گذرنا پڑا وہ بیان کیا اور کہا کہ انجینئرنگ کی پڑھائی تکمیل کے بعد بیرونی ملک کا رخ کرنا پڑا جس کے لیے انہوں نے اعلان کیا کہ جسمانی معذورین جو چھوٹا کاروبار کرنے کے خواہاں ہیں وہ ایکول ایبل فاونڈیشن یو ایس اے گرانٹس کے لیے اپنی درخواستیں دے سکتے ہیں ۔ جس کے ذریعہ ایک ہزار افراد کو کوئی چھوٹا کاروبار شروع کرنے میں مدد کی جائے گی اور جو لوگ کمزور ہیں ان کی قابلیت و صلاحیت کے اعتبار سے کاروبار میں مدد کی جائے گی ۔ اور فاونڈیشن کے ساتھ فیض عام ٹرسٹ کا بھی تعاون شامل رہے گا ۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا ہیلپنگ ہینڈس نے جناب محمد یوسف کی کاوشوں کی سراہنا کی اور کہا کہ سیاست کے تعاون و اشتراک سے فیض عام ٹرسٹ ، ہیلپنگ ہینڈس فلاحی کام میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے جناب محمد یوسف کی جرات مندی کی تعریف کی ۔ ڈاکٹر سمیع اللہ خاں نے کہا کہ پیرا میڈیکل کورس میں جس طرح جناب ظہیر الدین علی خاں اور افتخار حسین کا تعاون ہے وہ مثالی ہے ۔ جس کے ذریعہ کئی طلباء و طالبات نے اس کورس کے ذریعہ اپنے روزگار کو مستحکم کیا ۔ انہوں نے معذور افراد جو جسمانی طور پر معذور نظر آتے ہیں لیکن اللہ ان میں ایسی صلاحیتیں پیدا کردی ہیں ایک اچھا خاصہ انسان کر نہیں سکتا ۔ معذور لڑکی رفیعہ بیگم سے انجینئر محمد یوسف کی ملاقات کروائی گئی ۔ اس موقع پر غلام یزدانی ایڈوکیٹ ، جسٹس ای اسماعیل ، انور خاں ، قاصی زین العابدین ، ایم ڈی خاں ، ایوب علی خاں اور دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ جناب رضوان حیدر ٹرسٹی نے شکریہ ادا کیا ۔۔