آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ(Aiudf)کے قومی صدر و رکن پارلیمان مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے پارلیمانی الیکشن میں کامیابی اور دوسری بار وزیر اعظم بننے کے لئے منتخب ہونے پر نریندر مودی کو مبارکبادپیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا وزیر اعظم کو اقلیتوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے عملی اقدام کرنا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وشواس’ کا نعرہ آپ کی سرکار کے کام اور پالیسی میں واقعی طور پر اپنا اثر دکھاے گا ۔
وزیر اعظم کو لکھے اپنے خط میں مولانا اجمل نے کہاکہ لوگوں نے آپ کو ووٹ دیکر اقتدار کی کرسی سونپی ہے اس امید کے ساتھ کہ آپ ملک کی ترقی اور لوگوں کی بھلائی کے لئے کام کریں، امیدہے کہ آپ ملک کی ہر سطح پر ترقی، ملک میں امن و امان اور بھائی چارہ کے قیام کے لئے کام کرکے لوگوں کی امید پر کھرا ا ترنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہاکہ آپ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد 25، مئی کو پارلیمنٹ کے سینٹرل حال میں کی گئی اپنی تقریر میں اقلیتوں کے لئے جو امیدا افزا بات کہی ہے وہ قابل تعریف ہے مگر حقیقی مبارکباد کے مستحق آپ اْس وقت ہوں گے جب آپ کے وعدے زمینی سطح پر نافذ ہوں گے اور اقلیتوں کے اچھے دن آئیں گے،انہیں بہتر تعلیم اور روزگار کے ساتھ پر امن ماحول میں زندگی گزار نے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم آپ سے یہ بھی امید کرتے ہیں کہ آپ مسلمانوں پر مسلسل حملہ کرنے والوں اور ان کو خوفزدہ کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرکے حکومت پرمسلمانوں کے بھروسے کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔