افغانستان۔ تاجک سرحد پر زلزلہ، دہلی و کشمیر میں جھٹکے

پاکستان میں گھر منہدم، ایک ہلاک 22 زخمی، پشاور اسکول میں بھگدڑ

نئی دہلی ؍ سرینگر ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان ۔ تاجکستان کے سرحدی علاقہ پر آج 6.2 شدت کا زلزلہ ہوا، جس کے اثر سے قومی دارالحکومت نئی دہلی کے علاوہ وادی کشمیر اور شمالی ہند کے دیگر کئی حصے دہل گئے۔ یہ زلزلہ دہلی اور وادی کشمیر میں محسوس کیا گیا جس کے نتیجہ میں چند علاقوں میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ تحفظ کے لئے گھروں کے باہر نکل پڑے تھے ۔ تاہم زلزلہ کے سبب ان علاقوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سرینگر میں ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’زلزلہ کا مبدا افغانستان۔ تاجکستان سرحد کے قریب تھا اور 190 کیلو میٹر کی گہرائی میں ہوا تھا‘‘۔ اسلام آباد سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقے بھی اس زلزلہ سے دہل گئے جس کے نتیجہ میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور دیگر 22 زخمی ہوئے۔ زلزلہ کا مبدا ہندوکش پہاڑیوں میں تھا۔ بلوچستان میں ایک گھر منہدم ہونے کے سبب ایک لڑکی ہلاک اور دیگر 9 افراد زخمی ہوگئے۔ پشاور کے ایک اسکول کی عمارت سے سنسنی کی حالت میں بھاگنے والی دو لڑکیاں زخمی ہوگئیں۔ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے علاوہ اسلام آباد اور پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

وقت ہی بتائیگا کہ میری سیاسی ترجیح کیا ہوگی: شتروگھن سنہا
نئی دہلی ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے کہا ہیکہ صرف وقت ہی بتائیگا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ان کی سیاسی ترجیح کیا ہوگی۔ انہوں نے اس قیاس آرائی کو بھی مسترد کردیا کہ ان کی پارٹی انہیں لوک سبھا حلقہ پٹنہ صاحب ٹکٹ نہیں دے گی۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے شتروگھن سنہا گذشتہ روز ایک اور ناراض بی جے پی لیڈر یشونت سنہا کی طرف سے قائم کردہ غیرسیاسی فورم ’’راشٹریہ منچ‘‘ میں شامل ہوئے تھے۔