نئی دہلی، 31اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں آج اس وقت ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب اسکولی بچوں کو لے جانے والی ایک بس میں اچانک آگ لگی گئی۔ تاہم اس واقعہ میں سبھی بچے بخیریت ہیں۔ یہ حادثہ دہلی کے دھولا کنواں علاقے میں پیش آیا۔ کیندریہ ودیالیہ کے بچوں کو لے کر جانے والی ایک بس میں اچانک تقریبا دس بجے آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ کے ذرائع کے مطابق بس میں 37 بچے تھے جو بال بال بچ گئے ۔ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور کی مستعدی کی وجہ سے بس میں آگ پھیلنے سے پہلے ہی سبھی بچوں کا بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔فائر بریگیڈ نے بتایا کہ جیسے ہی واقعہ کے بارے میں اطلاع ملی تین گاڑیاں موقع پر بھیجی گئیں اور تقریبا گیارہ بج کر بیس منٹ پر آگ پر قابو پالیا گیا۔بس میں آگ لگنے اسباب کا ابھی پتہ نہیں لگ سکا ہے ۔