اسرائیل ایک مجرم ملک : مہاتر محمد

بیت المقدس تا قیامت برقرار رہے گا ، یہودیوں کے لیے ملائیشیا کے دروازے بند
کولاالمپور ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم ملائیشیا مہاتر محمد نے کہا کہ اسرائیل ایک مجرم ملک ہے ۔ اس کے جرائم کا دائرہ بڑھتا جارہا ہے ۔ صیہونی طاقتوں کے خلاف ہم ہمیشہ کمر بستہ رہیں گے ۔ ملائیشیا کے دروازے یہودیوں کے لیے بند کردیں گے ۔ صیہونیوں کا ملائیشیا میں استقبال نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین کی اراضی پر اسرائیل اپنی یہودی بستیاں تعمیر کرتا جارہا ہے ۔ جو ناقابل قبول ہیں ۔ اسرائیل کی یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ فلسطین ایک مقدس سرزمین ہے اور بیت المقدس تا قیامت برقرار رہے گا ۔ یہودیوں نے اپنی آبادیوں میں اصافہ کرتے ہوئے فلسطینی عوام کا حق زندگی چھین لینا شروع کیا ہے جو سراسر زیادتی ہے ۔ اس توسیع پسندانہ کارروائیوں کی ہم ہر سطح پر مخالفت کریں گے اور ہر سطح پر آواز بلند کریں گے ۔ ویانا میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے بعد وزیراعظم ملائیشیا مہاتر محمد نے کہا کہ امریکہ نے اپنے سفارتخانہ کو بیت المقدس کو اسرائیل دارالحکومت تسلیم کیا ہے ۔ کسی بھی ملک کے پاس ایسا کرنے کے اختیارات نہیں ہیں ۔ مہاتر محمد نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس ہمیشہ فلسطین کا حصہ رہے گا ۔۔