اسرائیلی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی حملہ آور ہلاک

تشددپھوٹ پڑا ‘ پولیس پر سنگباری ‘ منتشر کرنے اسٹن گرینٹس کا استعمال
یروشلم، 02 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)) اسرائیلی پولیس نے پرانے شہر یروشلم میں تین لوگوں کو چاقو مارنے والے ایک فلسطینی حملہ آور کو گولی مار دی جس سے اس کی موت ہو گئی۔اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا سامری نے کہا ہے پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے شخص نے دو یہودیوں پر چاقو کے وارکئے  اور فرار ہوگیا۔ پھر کچھ ہی دیر کے بعد اس نے ایک سرحدی محافظ کو چاقو گھونپ دیا۔ جس کے بعد پولیس نے اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔پولیس نے بتایا کہ حملے کا نشانہ بننے والے دونوں یہودیوں کو معمولی زخم آئے ہیں جب کہ تیسرا شخص شدید زخمی ہوا ہے ۔اس واقعے کے بعد علاقے میں تشدد پھوٹ پڑا جس دوران فلسطینیوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے اسٹن گرینیڈز استعمال کیے ۔یروشلم میں داخلے کے مرکزی دروازے دمشق گیٹ پر چند روز کے دوران رونما ہونے والا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سے پہلے چہارشنبہ کے روز پولیس نے اس وقت ایک عورت کو گولی مار کر ہلاک کر دیاتھا جب اس نے قینچی سے ایک پولیس اہل کار پر حملہ کیا تھا۔ستمبر 2015 کے بعد سے جب فلسطینوں نے 41 اسرائیلیوں اور دوامریکی سیاحوں کو ہلاک کر دیا تھا، فلسطینیوں اور اسرائیلی افواج کے درمیان  کے درمیان تصادم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔اسرائیلی فوج عرصے کے دوران کم ازکم 241 فلسطینیوں کو ہلاک کر چکی ہے ۔

مصر میں بم دھماکے میں ایک ہلاک، 15 زخمی
قاہرہ۔02 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے نیل ڈیلٹا شہر ٹانٹا میں ایک پولیس تربیتی مرکز کے قریب کل ہوئے بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور 12 پولیس ملازمین سمیت 15 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔’الجزیرہ’ نے عہدیدارکے حوالے سے یہ اطلاع دی۔مصر کے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹانٹا میںتربیتی مرکز کے قریب موٹر سائیکل میں دھماکہ خیز مواد کو چھپا کے رکھا گیا تھا۔ دھماکہ کے بعد زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایک پولیس ملازم کی موت ہو گئی۔ایک نئی دہشت گرد تنظیم لوا-التھاورا نے سوشل میڈیا پر ایک بیان کے حوالے سے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔