اسرائیلی بمباری : شام کے مہلوکین میں 11 ایرانی شامل

بیروت 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیل کی جانب سے جاریہ ہفتے شام میں کئے گئے خطرناک حملوں میں مرنے والوں میں کم از کم 11 ایرانی بھی شامل ہیں۔ برطانیہ سے کام کرنے والے شامی حقوق انسانی گروپ کے سربراہ رمی عبدالرحمن نے بتایا کہ اس ہفتے اسرائیل کی جانب سے جو حملے کئے گئے ہیں ان میں کم از کم 27 موافق شامی حکومت لڑاکے ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین میں چھ شامی سپاہی اور 21 بیرونی لڑاکے شامل ہیں جن میں 11 ایرانی بھی شامل ہیں۔ عبدالرحمن نے کہا کہ حالیہ کارروائیوں میں مرنے اور زخمی ہونے والوں سے متعلق نئی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔ اسرائیل نے کہا کہ اس نے درجنوں ایرانی ٹھکانوں کو شامی حدود میں جمعرات کی اولین ساعتوں میں نشانہ بنایا تھا کیونکہ یہاں سے ایرانی فورسیس نے اسرائیلی مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر حملے کئے تھے ۔ وزیر اعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ ایران نے اپنی حد پار کرلی ہے اور اسرائیل نے اسی وجہ سے یہاں حملے کرنے ضروری سمجھے تھے ۔

ٹرمپ نے اسرائیل پر راکٹ حملے کیلئے ایران کی مذمت کی

واشنگٹن، 12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کل برطانیہ کے وزیراعظم تھریسا مئے سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور دونوں رہنماؤں نے شام کے سرحدی علاقے سے اسرائیل پر راکٹ حملے کرنے کی مذمت کی ہے ۔ یہ اطلاع صدارتی دفتر نے ایک بیان جاری کرکے دی ہے ۔ صدر دفتر کے بیان میں بتایا گیا ہے ”دونوں رہنماؤں نے ایران کی جانب سے شام کے سرحدی علاقے سے اسرائیل پر راکٹ حملے کی مذمت کی ہے ۔ اس درمیان دونوں نے ایران کے ناقابل عمل رویے میں تبدیلی لانے کے لئے بہتر طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔