دیرینہ مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ ، تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن سمیتی کا دھرنا ، کودنڈا رام کا خطاب
حیدرآباد۔29فبروری(سیاست نیوز) تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن سمیتی کے زیراہتمام منعقدہ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے صدرنشین تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی پروفیسر کودنڈارام نے کہا ریاست کے شعبہ اساتذہ کے زیر التواء مسائل کا حل حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ آج یہاں اندرا پارک دھرنا چوک پر تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن سمیتی کے چلو حیدرآباد احتجاجی دھرنے سے خطاب کے سلسلے کوجاری رکھتے ہوئے پروفیسر کودنڈارام نے کہا سرکاری ذریعہ تعلیم کے معیار میںبہتری لانے کے ساتھ ساتھ سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس کے لئے کامن سرویس رولس ‘ ہیلت کارڈس جیسی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے ۔کودنڈارام نے کہاکہ ریاست کے بہتر مستقبل کے لئے ریاست تلنگانہ میںسرکاری تعلیمی نظام کو فروغ دینا حکومت تلنگانہ کا اہم اقدام ہوگا کیونکہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اب تک کے تمام دانشوروں نے سرکاری اسکولوں سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ اور ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اس کے ساتھ سرکاری اسکولوں میںخدمات انجام دینے والے ٹیچرس کے ساتھ بھی ریاستی حکومت کا ہمدردانہ رویہ لازمی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کامن سروس رول کے بغیر آزادی کے ساتھ ٹیچرس اپنی خدمات انجام دینے سے محروم ہیں جس کا راست اثر سرکاری ذریعہ تعلیم پر پڑرہا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مہنگائی کے اس دور میںجہاں علاج بھی مہنگا ہوتا جارہا ہے تو مہنگائی کے پیش نظر حکومت کوچاہئے کہ سرکاری اسکولس میںخدمات انجام دینے والے ٹیچرس کوبھی ہیلت کارڈ فراہم کرے ، کیونکہ جو تنخواہیں ٹیچرس کودی جارہی ہیں وہ ناکافی ہیں اور بچوں کی اسکول فیس ‘ گھروں کے کرایہ کے بعد جو رقم بچ جاتی ہے وہ مہنگے علاج کے لئے ناکافی ثابت ہورہی ہے ۔انہوں نے ریاست کے تمام سرکاری اسکولس کی ٹیچر س یونینو ں کو ایک پلیٹ فارم پر آنے اورمتحد طور پر انصاف کی جدوجہد کرنے کی اپیل کی۔ کودنڈارام نے کہاکہ اتحاد کے ذریعہ ہم اپنے مسائل کی یکسوئی کو یقینی بناسکتے ہیں۔کودنڈارام نے تلنگانہ ٹیچرس فیڈریشن سمیتی کی بھر پور تائیدوحمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا مذکورہ احتجاجیوں کے مسائل کی یکسوئی تک تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی ہر محاذ پر ساتھ رہے گی۔ رکن اسمبلی ایل بی نگر بی کرشنیا‘ پروفیسر ہرا گوپال‘ پروفیسر انور خان نے کے علاوہ فیڈریشن نے دیگر ذمہ داران کے بھی اس احتجاجی دھرنے سے خطاب کیا۔