مبلغ اسلام کے خلاف گمراہ کن اور توہین آمیز بیانات دینے پر اقدام
ممبئی ، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مبلغ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائک نے ’ٹائمزناؤ‘ کے ایڈیٹر انچیف ارنب گوسوامی کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ ذاکر نائک نے ارنب سے انہیں مبینہ طور پر بدنام کرنے اور گمراہ کن پروپگنڈہ کرنے کی پاداش میں 500 کروڑ روپئے کا ہرجانہ بھی طلب کیا ہے۔ ارنب اور ان کے دفتر کے ملازمین پر الزام عائد کیا ہیکہ ان لوگوں نے مبینہ طور پر غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے رسوا کن مہم چلائی اور ان کی مقبولیت کو زک پہنچائی ہے۔ انڈیا ڈاٹ کام رپورٹس کے مطابق ذاکر نائک کے وکیل مبین سولکر نے ارنب گوسوامی، میگھا پرساد (بیورو چیف ٹائمزناؤ)، اویناش کول (سی ای او ٹائمزناؤ)، سنیل لولہ (سی ای او ٹائمز گلوبل براڈ کاسٹنگ کمپنی لمیٹیڈ) اور ٹائمز گلوبل براڈ کاسٹنگ کمپنی لمیٹیڈ کے خلاف لیگل نوٹس جاری کی ہیں۔ اس ہتک عزت نوٹس میں کہا گیا ہیکہ گوسوامی نے جھوٹے اور توہین آمیز بیانات دیئے ہیں۔ ذاکر نائک کے خلاف بیانات ان کی شخصیت کو بدنام کرنے کی کوشش ہوئی۔ ارنب گوسوامی نے اپنے مقبول عام شو ’’دی نیوز آور ڈبیٹ‘‘ میں ذاکر نائک کو نشانہ بنایا اور عوام کی نگاہوں میں ان کی عزت و توقیر کو نقصان پہنچایا۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہیکہ یہ ارنب گوسوامی ہی ہیں جنہوں نے میڈیا کے ایک ذمہ دار اتھاریٹی کی مرضی کے بغیر اپنی گمراہ کن سوچ کو پھیلایا۔ عوام کے ذہنوں میں غلط تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اس سے ذاکر نائک کی امیج بگاڑ دی گئی۔ ذاکر نائک کے وکیل نے نوٹس میں لکھا ہیکہ ٹی وی چیانل کے ایڈیٹر نے ریکارڈز اور حقائق کی تصدیق کئے بغیر ہی شرپسندانہ بیان جاری کیا اور برسرعام اپنی گھناؤنی سوچ کو پھیلا کر ایک مبلغ اسلام کی بدنامی کا ذریعہ بن گئے۔ ذاکر نائک کے وکیل نے ارنب گوسوامی کو نوٹس میں لکھا ہے کہ تم نے میرے موکل کو قصداً اور ارادتاً ٹھیس پہنچائی ہے۔ میرے موکل نے تمہارے گمراہ کن بیانات کی وجہ سے جو بدنامی اور رسوائی ہوئی ہے ،اُس کی تخمینی لاگت زائد از 500 کروڑ روپئے لگائی ہے۔ ذاکر نائک نے ارنب گو سوامی اور ٹائمزناؤ سے معذرت خواہی کا بھی مطالبہ کیا اور چیانل سے کہا کہ وہ ان کے خلاف دیئے گئے تمام بیانات کو واپس لیں۔