ہوٹل کے باتھ روم میں قلب پر حملہ ، جوہو ممبئی میں آج آخری رسومات
ممبئی ۔ /25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ سوپر اسٹار اور پدم شری ایوارڈ یافتہ اداکارہ سری دیوی کا کل رات دوبئی میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا ، وہ 54 سال کی تھیں ۔ انہوں نے چار دہوں تک فلمی دنیا میں شاندار فنکارانہ جوہر کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وہ دوبئی میں اپنے بھتیجے موہت مارواہ کی شادی میں شرکت کے لئے ارکان خاندان کے ساتھ گئی ہوئی تھیں ۔ ان کی اچانک موت نے ان کے ارکان خاندان ، بہی خواہوں اور فلمی دنیا کی شخصیتوں کو صدمہ سے دوچار کردیا ہے ۔ اس ’’چاندنی ‘‘ نے ان تمام کو جلد ہی تاریکی میں ڈوبودیا ۔ اداکارہ کے شوہر پروڈیوسر بونی کپور بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ان کی اداکاری کا ستارہ 80 کے دہے سے لیکر 90 کے دہے میں متاثر کن طور پر چمک اٹھا تھا ۔ انہوں نے اس دوران کئی کمرشیل فلمیں کی جو ان سے پہلے کسی بھی ہیروئین نے نہیں کیا تھا ۔ مرد سوپر اسٹارس کے غلبہ والی انڈسٹری میں سری دیوی نے اپنی منفرد شناخت بنائی تھی ۔
اپنے پرکشش نین اور چنچل اداؤں سے انہوں نے فلم بینوں کے دلوں پر سکہ جمایا تھا ۔ وہ بچپن سے ہی کیمروں کا سامنا کررہی تھیں ۔ لڑکپن سے ہی انہوں نے مختلف رولس کئے ہیں ۔ چار سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے ایم اے تھرموگم کی فلم ’’تھنوئین‘‘ سے شروعات کی اور ٹامل ، تلگو ، ملیالم اور کنڑا فلموں پر ایکٹنگ جاری رکھی لیکن ان کے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے بعد ملک میں ہر گھر کی پسندیدہ اداکارہ بن گئی ۔1975 ء میں انہوں نے بالی ووڈ میں فلم ’’جولی‘‘ سے شروعات کی ۔ اس فلم نے نوجوانوں کے دل و دماغ کو مسحور کردیا تھا ۔اس ہندی فلم کی کامیابی کے باوجود وہ جنوبی ہند کی فلمی صنعت میں اپنی اداکاری کو جاری رکھا ۔ 1978 ء میں ہندی فلم ’’سولہواں ساون ‘‘ میں انہوں نے سرکردہ کردار نبھایا اور اداکار جتیندر کے ساتھ 1983 ء کی فلم ’ہمت والا‘ نے بالی ووڈ میں دھوم مچادی تھی وہ فلمی صنعت میں ایک بہترین ڈانسر کے طور پر بھی متعارف ہوئیں ۔ ان کی آخری فلم ’’مام‘‘ 300 ویں فلم تھی ۔ سری دیوی /13 اگست 1963 ء کو ٹاملناڈو میں پیدا ہوئیں ۔ انہوں نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے 1996 ء میں شادی کی تھی ۔ ان کی دو بیٹیاں ، خوشی اور جھانوی کپور ہیں ۔ ان کی مشہور ترین فلموں میں چاندنی ، لمحے ،
مسٹر انڈیا ، خدا گواہ ، صدمہ اور نگینہ شامل ہیں ۔ سری دیوی کو حکومت کی جانب سے 2013 ء میں پدم شری کا اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا ۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے یہ ایوارڈ دیا تھا ۔ اس کے علاوہ پانچ مرتبہ فلم فیر ایوارڈس حاصل کرچکی ہیں ۔ ان کے انتقال سے قبل انہیں بھتیجے کی شادی کی تقریب میں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ ہوٹل واپسی کے بعد باتھ روم میں ان کے قلب پر حملہ ہوا ۔ انہیں فوری دواخانہ لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ پوسٹ مارٹم کے بعد ان کی نعش آج رات ممبئی لائی گئی ۔ ان کی آخری رسومات کل جوہو میں ادا کی جائیں گی ۔ سری دیوی کی لوکھنڈ والا رہائش گاہ کے باہر غم زدہ خاندان کے ارکان اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ان کی میت لانے کے لئے ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا کے ذرائع کے مطابق ایک خانگی جیٹ طیارہ دوبئی کے لئے روانہ ہوا تھا جو واپس 8 بجے ممبئی پہونچا ۔ سری دیوی دوبئی کے امارات ٹاور ہوٹل میں رات 11 بجکر 30 منٹ کو اپنے کمرہ کے باتھ روم میں گرپڑی اور انہیں راشد ہاسپٹل لایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیقی سند جاری کی گئی ۔ ان کی اچانک موت پر کئی سیاسی ، فلمی ، سماجی اور کرکٹ کی دنیا کی شخصیتوں نے اظہار تعزیت کیا ہے ۔
صدرجمہوریہ ، نائب صدرجمہوریہ اور وزیراعظم کا اظہار تعزیت
نئی دہلی ۔ /25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ رامناتھ کووند ، نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو اور وزیراعظم نریندر مودی نے بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی کے اچانک انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور ان کے طویل کیرئیر میں ان کے شاندار رولس کو یاد کیا ۔ صدرجمہوریہ رامناتھ کووند نے اپنے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ سری دیوی کے انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا ۔ انہوں نے ان کے ارکان خاندان اور ساتھیوں سے اظہار تعزیت کیا ۔ نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ سری دیوی انتہائی قابل اداکارہ تھیں جنہوں نے تلگو ، ٹامل اور ہندی اور جنوبی ہندی کی دیگر زبانوں کی فلموں میں کام کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی بے وقت موت سے صدمہ ہوا ہے ۔
وہ فلمی صنعت کی ایک ممتاز اداکارہ تھیں ۔ ان کے ارکان خاندان کے غم میں بھی شریک ۔۔۔۔