ادارہ سیاست سے وقار آباد میں ’ اولڈ ایج ہوم ‘ کی تعمیر

دفتر سیاست میں جلسہ تقسیم سینئر سٹیزنس کارڈس ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کا اعلان
حیدرآباد۔30نومبر(سیاست نیوز) مدیر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ادارہ سیاست کی جانب سے وقار آباد کے قریب میںپندرہ ایکڑپر ساڑھے چا ر کروڑ کی لاگت سے ایک اولڈ ایج ہوم تعمیر کیا جارہا ہے اور آئندہ چھ ماہ میںیہ تکمیل بھی ہوجائے گا۔ادارہ سیاست او رمیناریٹی ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام ‘ محبو ب حسین جگر ہال میں منعقدہ جلسہ برائے تقسیم سینئر سٹیزن کارڈس سے صدارتی خطاب کے دوران انہوں نے یہ بات کہی۔ جناب سید جنیدسالک ایر کسٹم آفیسر‘ جناب وی بھاسکر چاری ایڈیشنل کمشنر جی ایچ ایم سی‘ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف‘ جناب محمد عبدالستار خان جنرل سکریٹری آسرا جی ایچ ایم سی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ جبکہ احمد صدیقی مکیش ‘ محمد عبدالقدیر نے جلسہ کی کاروائی چلائی اور خیر مقدمی کلمات پیش کئے ۔ صدارتی خطاب کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے جناب زاہد علی خان نے کہاکہ بیرونی ممالک میںاپنے افراد خاندان کے ساتھ برسر روزگار نوجوانوں کے اکثر والدین کا یہاں پر کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ایسے کئی ایک واقعات ہمارے سامنے آئے ہیںجس کو دیکھنے کے بعدادارہ سیاست نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ معمرشہریوں کے لئے ایک اولڈ ایچ ہوم تعمیر کیاجائے۔ جناب زاہد علی خان نے کہاکہ مذکورہ اولڈ ایج ہوم میں ان ڈور کھیل کود کی سہولتیں بھی دستیاب رہیں گی۔انہوں نے مزیدکہاکہ ادارے سیاست اور ایم ڈی ایف کے اشتراک سے سینئر سٹیزنس کے لئے کارڈ کی اجرائی کا پانچ سال قبل آغاز کیاگیا تب سے لیکر اب تک ایک لاکھ کارڈس ادارہ کی جانب سے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔جناب زاہد علی خان نے ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے دوبد و پروگرام کا یہا ں تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دوبدو پروگرام ایک تحریک کی شکل اختیار کرچکا ہے ہزاروں رشتے آسانی کے ساتھ یہاں پر طئے ہورہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ رشتہ طئے ہونے کے بعد جو شادیاں انجام پارہی ہیں وہ اصراف سے پاک ہو۔ جناب زاہد علی خان نے شادیوں میںبیجا اصراف کی وجہہ سے مسلم معاشرے میںبڑھتی خرابیوں کا بھی تذکرہ کیا۔انہو ں نے کہاکہ نوٹوں کی تنسیخ کے بعد شادیاں منسوخ کررہے ہیں شادی خانے خالی ہیں اندازہ لگائیے اگر یہی پیسے اصراف سے بچ جائے تو مسلم معاشرے میںکتنا بڑا انقلاب برپا ہوگا۔انہوں نے مسلم اقلیت اور دیگر پسماندہ طبقات میں شادیوں میںبیجا اصراف کی وباء کو ختم کرنے کو وقت کی اہم ضرورت قراردیا۔جناب زاہدعلی خان نے کہاکہ ادارہ سیاست کے زیر اہتمام گھریلو تنازعات بھی حل کئے جاتے ہیں اس کے لئے ایک علیحدہ سل قائم کیاگیا ہے جو ڈپٹی کمشنر محمد تاج الدین ریٹائرڈ کی نگرانی میںکام کررہا ہے ۔

 

جناب زاہد علی خان نے کہاکہ ہماری یہی کوشش ہے کہ ہم معاشرے میںبڑھتی برائیو ں کو ختم کرنے کوشش کریں اور اس میں ہمیںبڑی حدتک کامیابی بھی حاصل ہورہی ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے آسرا اسکیم کے تحت جاری کئے جانے والے سینئر سٹیزنس کارڈ کی اہمیت اورافادیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کے اشتراک سے معمر شہریوں کو فراہم کئے جانے والے آسرا اسکیم کارڈ آج کی ضرورت بن گئے ہیں۔ انہوں نے نوٹوں کی تنسیخ کے بعد بینکوں میں کھڑی طویل قطاروں سے بچنے میں معمر شہریوں کے لئے مذکورہ کارڈس فائدہ مند ثابت ہورہے ہیں۔جناب زاہد علی خان نے بلدیہ کی جانب سے شروع کئے جانے والے ڈے کیئر سنٹرس میں لائبریری کے لئے پچا س ہزار روپیو ںتک کی کتابیں بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ ایڈیشنل کمشنر بلدیہ گریٹر حیدرآباد‘ یوسی ڈی وی بھاسکرا چاری نے کہا کہ سینئر سٹیزنس کی فلاح وبہبود کے لئے متعارف کی جانے والی فلاحی اسکیمات کی کامیابی کے لئے ادارہ سیاست کا تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے داخل کئے جانے والے فارمس کی عاجلانہ یکسوئی کا بھروسہ دلاتے ہوئے بلدیہ یوسی ڈی کے زیر اہتمام معمرشہریوں کے لئے قائم کی گئی نئی اسکیم کا بھی تذکرہ کیا اورکہاکہ ہر محلے میںایک ڈے کیر سنٹر قائم کرنے کاکام بھی کیاجارہا ہے جہا ں پر معمر شہریو ںکے لئے مطالعہ کی سہولت فراہم کی جائے گی انہوںنے کہاکہ آسرا اسکیم کے تحت سرکل چار بی میںکمیٹیوں کے قیام کی کوششیںکی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے کمیٹیو ںکے قیام میں آگے آنے کی بھی اپیل کی ۔ صدر ایم ڈی ایف جناب عابد صدیقی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے معمر شہریوں کے ادب واحترام کو ضروری قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان بزرگوں کی تعظیم اور ان کا احترام کرنے والوں کا ملک ہے اور یہاں پر آج بھی یہ سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے بزرگوں کی تعظیم کی روایت کو برقراررکھنے کی بھی نوجوانوں سے اپیل کی۔ جناب عبدالستار خان سکریٹری آسرا اسکیم نے ادارہ سیاست سے اپیل کی کہ وہ معمرشہریوں کو درپیش دشواریوں کی سنوائی کے لئے ایک شکایت سل بھی قائم کرے ۔اس موقع پر ادارہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے معمر شہری ایوارڈ حاصل کرنے والے عبدالستار خان کو تہنیت بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ادارہ کی جانب سے داخل کردہ فارمس پر جاری سینئر سٹیزن کارڈس کی جناب زاہد علی خان ‘ جناب سید جنید سالک ایر کسٹم آفیسر‘ وی بھاسکر آچاری اور جناب ایم اے ستار خان کے ہاتھوں نئے کارڈس کی بھی تقسیم عمل میںلائی گئی۔