الہ آباد 26 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) الہ آباد ہائیکورٹ نے دادری میں قتل کردئے گئے محمد اخلاق کے پانچ افراد خاندان کی گرفتاری پرحکم التوا جاری کردیا ہے ۔ اخلاق کو دادری میں فرقہ پرستوں کے ہجوم نے مارپیٹ کر ہلاک کردیا تھا ۔ ان کے افراد خاندان کے خلاف گوتم بدھ نگر ضلع میں ایک گائے کو ذبح کرنے اور گوشت استعمال کرنے کے الزام میںمقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ جسٹس رمیش سنہا اور جسٹس پی سی ترپاٹھی پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے اخلاق کے بھائی جان محمد کی گرفتاری پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا ۔ اس کا نام بھی ایف آئی آر میں شامل ہے ۔ یہ ایف آئی آر عدالتی حکم کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا ۔ بنچ نے اس خیال کا اظہار کیا کہ جان محمد ہوسکتا ہے کہ اس کام میں ملوث رہا ہو۔ ایف آئی آر میں جن کے نام شامل تھے ان میں اخلاق کے فرزند دانش ‘ ان کی والدہ اصغری ‘ ان کی شریک حیات اکرامن ‘ دختر شائستہ اور ہمشیرہ نسبتی سونا شامل تھے ۔