اتفاق رائے کے ذریعہ لیبر اصلاحات، وزیر اعظم مودی کا اعادہ

کوئمبتور۔/2فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ حکومت اتفاق رائے کے ذریعہ لیبر اصلاحات کو روبہ عمل لائے گی اور تمام فریقین بشمول ورکرس کے ساتھ ان کے جائز حقوق اور مفادات پر سمجھوتہ کئے بغیر مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھا جائیگا۔ محنت کش طبقہ کو وزیر اعظم کا یہ تیقن ایسے وقت آیا ہے جبکہ سنٹرل ٹریڈ یونین نے لیبر اصلاحات کے خلاف 10مارچ کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ورکرس دشمن پالیسیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جاسکے۔ نریندر مودی نے آج یہاں ESIC میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی افتتای تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ اصلاحات کے راستہ پر پیشرفت کی جائے گی اور اس خصوص میں تمام فریقین بشمول آجرین اور ملازمین کے نمائندوں، ریاستی حکومتوں کے ساتھ سرگرم مشاورت کے ذڑیعہ اصلاحات کو روبہ عمل لایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے اس عہد اقل ترین حکومت۔ اعظم ترین حکمرانی کو پیش نظر رکھتے ہوئے لیبر قوانین کو آسان اور سہل بنانے کا مسئلہ اٹھایا گیا تاکہ مروجہ 44 قوانین کو 4 ضابطوں ( کوڈس )، تنخواہیں، صنعتی تعلقات، سیفٹی اور سیکوریٹی میں تبدیل کیا جاسکے۔ وزیر اعظم نے یہ امید ظاہر کی کہ اصلاحات کے نتیجہ میں بزنس میں آسانی، روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے جس کیلئے ورکرس کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔