اترپردیش میں گردو غبار کی آندھی ، 19 ہلاک ، 9 زخمی

لکھنؤ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں کل شام ایک اور آندھی اور گردوغبار کے طوفان کے نتیجہ میں 19 افراد ہلاک اور دیگر 9 زخمی ہوگئے۔ حکومت اترپردیش کے ایک ترجمان نے آج کہا کہ گھروں کے انہدام اور گھنے درخت جڑ سے اکھڑ کر گر پڑنے کے سبب اکثر اموات ہوئی ہیں۔ ضلع مرادآباد اس آندھی و طوفان سے بری طرح متاثر ہوا جہاں سے 7 اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سنبھل میں دیگر 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مظفر نگر اور میرٹھ میں 2، 2 اموات ہوئیں۔ امروہا میں ایک شخصی اور دیگر 4 زخمی ہوگئے۔ مرادآباد اور مظفرنگر میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے تمام متعلقہ لاسٹرکٹ مجسٹریٹس کو اندرون 24 گھنٹے راحت پہونچانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ریاست گزشتہ ماہ گرد و غبار کے تین بڑے طوفانوں کی زد میں آئی تھی جس کے نتیجہ میں 130 افراد ہلاک ہوگئے۔ 13 مئی کو گرد و غبار کے طوفان کے نتیجہ میں بشمول بریلی، بارہ بنکی، بلند شہر، لکھیم پور، کھیری مختلف اضلاع میں 39 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 9 مئی کو 18 ہلاک اور 27 زخمی اور 2 تا 3 مئی کو طوفان اور بجلی گرنے کے سبب 80 افراد ہلاک ہوئے تھے۔