اترپردیش میں عید میلادالنبیؐ اور جمعۃ الوداع سمیت 15 تعطیلات ختم

لکھنؤ۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں بی جے پی حکومت نے جمعۃ الوداع اور عید میلادالنبیؐ سمیت 15 عام تعطیلات کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔یہ بات وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دفتر کی جانب سے کی جانے والی ٹویٹس میں سامنے آئی ہے۔ایک ٹویٹ کے مطابق حکومت کا یہ فیصلہ رواں سال2017 سے ہی نافذالعمل ہوگا۔-منسوخ کی جانے والی عام تعطیلات میں جمعۃ الوداع، عید میلادالنبیؐ اور مہارشی بالمیکی جینتی جیسی اہم تعطیلات بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ چندر شیکھر، پرشورام، سردار ولبھ بھائی پٹیل اور چودھری چرن سنگھ کی یوم پیدائش پر ہونے والی تعطیلات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے کیے جانے والے ٹویٹس میں کہا گیا: ‘عظیم شخصیتوں کے یوم پیدائش کے موقع پر ریاست کے تمام تعلیمی اداروں میں ان کی شخصیت، کارناموں اور تحریک دینے والی تعلیمات کو موجودہ نوجوان نسل تک پہنچانے کے مقصد سے کم از کم ایک گھنٹے کی نشست منعقد کی جائے گیخیال رہے کہ حال ہی میں انڈین آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی یوم پیدائش کے پروگرام میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس قسم کی عام تعطیلات کو ختم کرنے کے اشارے دیئے تھے۔آدتیہ ناتھ نے پوچھا تھا: ‘اگر اس کا مقصد ان عظیم شخصیتوں کو یاد کرنا اور لوگوں کو تحریک دینا ہے تو پھر ایسے موقعوں پر کیوں نہ سکولوں کو کھولا جائے اور بچوں کو دو گھنٹے ان عظیم لوگوں کے بارے میں بتایا جائے؟’جن تعطیلات کو یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے رد کیا ہے ان میں سے زیادہ تر تعطیلات کو سابق اکھلیش یادو حکومت نے متعارف کرایا تھا۔اس وقت اتر پردیش میں 42 سرکاری چھٹیاں ہیں جن میں سے 17 عظیم شخصیتوں کے اعزاز میں ہوتی ہیں۔