اب ہر گائے کی ہو گی اپنی الگ شناخت

نئی دہلی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اب بنگلہ دیش سے کوئی گائے غیر قانونی طور پر انڈیا میں داخل نہ ہوسکے گی اور نہ انڈیا کی کسی گائے کو ڈرا دھمکا کر، بہلا پھسلا کر یا چوری چھپے کسی ایسے دیس لیجایا جاسکے گا جہاں اس کی جان کو خطرہ ہو!ملک کی سڑکوں پر گائے اب سر اٹھا کر چل سکیں گی کیونکہ ان کی گمنامی کے دن ختم ہونے والے ہیں، ہر گائے کی ایک شناخت ہوگی، اس کا نام پتا سرکاری ریکارڈ میں درج ہوگا اور اگر کسی گائے کی قانونی طور پر خرید و فروخت ہوگی تو اس کی ملکیت کے دستاویزات اس کے ساتھ جائیں گے۔وفاقی حکومت نے اس منصوبے کی تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ وہ گائیوں کی بین الریاستی اور بین الاقوامی سمگلنگ روکنا چاہتی ہے اور اس کے لیے وہ گائیوں کے لیے بھی ‘آدھار کارڈ’ کی طرز پر ایک سکیم شروع کرنے کی تیاری میں ہے۔آدھار کارڈ کے تحت انڈیا میں ہر مرد عورت اور بچے کی ‘بائیومیٹرکس’ یا آنکھوں کا سکین اور انگلیوں کے نشان لیے جاتے ہیں اور ہر شخص کو ایک مستقل نمبر دیا جاتا ہے جس سے اس کی شناخت کی جاسکتی ہے۔یہ تجویز ایک سرکاری کمیٹی نے دی ہے جس کے تحت ہر گائے کا ایک مخصوص نمبر ہوگا اور اس کی شناخت کے لیے اس کی عمر، جنس، نسل، قد، رنگ، سینگھ کی قسم، دم کی تفصیل اور جسم پر کسی ایسے نشان کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جائے گا جس سے اس کی شناخت کی جاسکے۔بظاہر یہ نمبر گائے کی نسل کے تمام ایسے مویشیوں کے لیے لازمی ہوگا جو کسی کی ملکیت ہیں۔ ان گائیوں کو ایک ٹیگ یا بلّا جاری کیا جائے گا جس پر ان کا نمبر درج ہو گا۔منصوبہ یہ ہے کہ صرف اْنھی مویشیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کی اجازت ہوگی جن کے پاس یہ نمبر ہوگا، اور وہی سفر کے لائق گردانے جائیں گے۔کمیٹی کی یہ سفارش بھی ہے کہ بنگلہ دیش سے ملحق ریاستیں بین الاقوامی سرحد سے بیس کلومیٹر کے فاصلے تک مویشیوں کی منڈیوں پر پابندی عائد کریں اور ایسے مویشیوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ریاستی حکومتوں کی ہونی چاہیے جنہیں ان کے مالکوں نے بے سہارا چھوڑ دیا ہے۔
غریبوں کیلئے مودی کے منصوبوں کی جیت : امیت شاہ
نئی دہلی۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں پارٹی کو ملی بھاری کامیابی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے غریبوں کے بہبود کیلئے کئے گئے منصوبوں کی جیت بتایا ہے ۔مسٹر شاہ نے ایک ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ دہلی کے تینوں کارپوریشنوں کے انتخابات میں پارٹی کو ملی بھاری کامیابی مسٹر مودی کے غریبوں کے بہبود کے لئے کئے گئے منصوبوں اور ”سب کا ساتھ سب کا وکاس ”کی جیت ہے ۔