انڈر ورلڈ ڈان کی پیرول پر رہائی کی درخواست مسترد
ممبئی۔ 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا ہے کہ حکام نے 1993ء کے ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے ایک مجرم ابو سالم کی ایک درخواست مسترد کردی ہے جس میں اس نے اپنی شادی کیلئے 40 دن کیلئے پیرول پر رہائی کی اپیل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انڈر ورلڈ ڈان ابو سالم نے جو نوی ممبئی کے قریب تلوجہ جیل میں قید ہے، ایک ماہ قبل یہ درخواست پیش کی تھی۔ ابوسالم عمر قید کی سزا بھگت رہا ہے۔ اس کی یہ درخواست مناسب فیصلے کے لئے کونکن ڈیویژنل کمشنر سے رجوع کی گئی تھی جو اس قسم کی درخواستوں پر فیصلے کے مجاز ہیں۔ انہوں نے پرتگال سے ملک بدری کے ذریعہ وطن واپس لائے گئے اس گینگسٹر کی درخواست کو تین دن قبل سکیورٹی کی بنیاد پر مسترد کردیا تھا۔ ابوسالم نے درخواست میں اپنی رہائشی پتہ ممبرا بتایا تھا جو تھانے پولیس کمشنریٹ کے تحت آتا ہے جہاں سے منفی رپورٹ موصول ہونے کے بعد یہ درخواستِ پیرول مسترد کردی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابوسالم سے جس کی عمر 50 سال سے زائد ہے، 5 مئی کو تیسری مرتبہ شادی کرنا چاہتا تھا اور اس کی دلہن بننے والی خاتون کا تعلق تھانے کے ممبرا ٹاؤن سے ہے۔ یہ وہی خاتون ہے جس نے دعویٰ کیا تھا کہ 2014ء میں اُترپردیش کے سفر کے دوران ابوسالم سے ٹرین میں اس کی شادی ہوئی تھی۔