آئی سی آئی سی آئی بینک کی سی ای او چندا کوچر مستعفی

نئی دہلی ۔ 4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اقربا پروری اور مفاد کے ٹکراؤ کے الزامات پر تحقیقات کا سامنا کرنے والی آئی سی آئی سی آئی بینک کی منیجنگ ڈائرکٹر اور سی ای او چندا کوچر نے بینک سے استعفی دے دیا ۔ اپنی موجودہ میعاد سے 6 ماہ قبل ہی انہوں نے یہ عہدہ چھوڑ دیا ہے ۔ 57سالہ کوچر نے آئی سی آئی سی آئی سیکوریٹیز کے بشمول بینک کے تمام سبسیڈیز سے بھی استعفی دے دیا ۔ جہاں انہیں چیرپرسن کی حیثیت سے دوبارہ مقرر کیا گیا تھا ۔ بورڈ نے ان کی جگہ چیف آپریٹنگ آفیسر سندیپ بخشی کو پانچ سال کیلئے یعنی 3اکٹوبر 2023ء تک نیا منیجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا ہے ۔ بینک نے مزید کہا کہ ماہ مئی میں چندا کوچر کے خلاف بورڈ کی جانب سے شروع کردہ خارجی تحقیقات کو جاری رکھا جائے گا ۔ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے کے بعد ہی انہیں فوائد حاصل ہوں گے ۔ بورڈ کے فیصلہ کے باعث سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس بی این کرشنیا کے ذریعہ تحقیقات کی جارہی ہے ۔ کوچر نے مئی سے ہی رخصت حاصل کرلی تھی ۔